مہیلا کانگریس اجلاس میں قرارداد کی منظوری، ریاستی صدر سنیتا راؤاور ضلع صدور کی شرکت
حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی مہیلا کانگریس کی ریاستی عاملہ کا اجلاس صدر سنیتا راؤ کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ و رکن کونسل مہیش کمار گوڑ، رکن کونسل بی وینکٹ، آل انڈیا کانگریس کی جنرل سکریٹری حسینہ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس میں مہیلا کانگریس قائدین اور کیڈر کو مشورہ دیا گیا کہ وہ ابھی سے لوک سبھا چناؤ کی تیاریوں میں جُٹ جائیں تاکہ کانگریس کو شاندار کامیابی حاصل ہو۔ کانگریس برسراقتدار آتے ہی 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے اس بارے میں عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ ریاست میں مختلف کارپوریشنوں کے صدورنشین کے عہدوں میں خواتین کو مناسب نمائندگی دینے کی چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اپیل کی گئی۔ اس سلسلہ میں مہیلا کانگریس کا ایک وفد عنقریب چیف منسٹر سے نمائندگی کرے گا۔ پارٹی کے ضلعی صدور اور ریاستی عہدیداروں کے پروفائیل سنیتا راؤ کو پیش کئے گئے۔ سنیتا راؤ نے ورکنگ پریسیڈنٹ مہیش کمار گوڑ کو پروفائیل حوالے کرتے ہوئے خواتین کو مناسب نمائندگی دینے کی اپیل کی۔ اجلاس میں مہیلا کانگریس قائدین نیلم پدما، سجاتا سدا لکشمی، درگا رانی، ایم پدما، سوجنیا دیوی، کویتا، آر لکشمی اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ضلع مہیلا صدور نے اضلاع میں 6 ضمانتوں کے سلسلہ میں شعور بیداری اور عوام کی رہنمائی سے واقف کرایا۔1