نئی دہلی۔ 2 جون (یو این آئی) وینزویلا کی کارگذار صدر محترمہ ڈیلسی ایلوینا روڈریگیز گومیز وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کیلئے چہارشنبہ سے پانچ روزہ ہندوستان کے دورہ پر آ رہی ہیں۔ وزارت خارجہ ترجمان رندھیر جیسوال نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ محترمہ روڈریگیز کو پہلے سے طے شدہ پروگرام کے مطابق یکم جون کو یہاں ‘انٹرنیشنل بگ کیٹ الائنس سمٹ’ میں شرکت کیلئے ہندوستان آنا تھا لیکن افریقی ممالک میں صحت کی صورتحال کے پیش نظر کانفرنس کو ملتوی کر دیا گیا تھا۔ وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ محترمہ روڈریگیز کے ساتھ ایک وفد بھی آئے گا جس میں خارجہ امور، معیشت اور مالیات، سائنس اور ٹیکنالوجی، مواصلات اور اطلاعات، اور ٹرانسپورٹ کی وزارتوں کے وزراء شامل ہوں گے ۔ یہ ان کا ہندوستان کا چھٹا دورہ ہوگا، اس سے پہلے وہ اپنے گزشتہ عہدوں کے دوران وزیر خارجہ (2015) اور نائب صدر (2019، 2023، 2024 اور 2025) کی حیثیت سے ہندوستان کا دورہ کر چکی ہیں۔ دورہ کے موقع پر وہ مودی کے ساتھ دو طرفہ بات چیت کریں گی۔ بات چیت میں ہندوستان ۔ وینزویلا تعلقات کے تمام پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے گا، اور توانائی کے تحفظ، تجارت اور سرمایہ کاری، فارماسیوٹیکلز، صحت کی دیکھ بھال، ٹرانسپورٹ اور قابل تجدید توانائی جیسے شعبوں میں مستقبل کے تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا جائے گا۔ جیسوال نے دونوں ممالک کے تعلقات کی اہمیت پر کہا کہ توانائی اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں ہندوستان وینزویلا کا ایک اہم شراکت دار بنا ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے پبلک سیکٹر کے اداروں نے وینزویلا کے توانائی کے شعبہ میں کافی سرمایہ کاری کی ہے ، اور وہ وہاں اپنی موجودگی کو مزید بڑھانے نئے مواقع تلاش کرنے کے خواہشمند ہیں۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ وینزویلا کا وفد ہندوستان میں توانائی، فارماسیوٹیکل اور آٹو سیکٹر سے جڑے کئی مقامات کا دورہ کریگا، تاکہ ہندوستان کی ٹکنالوجی اور صنعتی صلاحیتوں پر معلومات حاصل کی جا سکیں اور تعاون کے مواقع تلاش کیے جا سکیں۔ ہندوستان اور وینزویلا کے درمیان خوشگوار اور دوستانہ تعلقات ہیں۔