کار سے روندے جانے پر شیرخوار بچی کی موت

   

حیدرآباد : /26 جون (سیاست نیوز) صنعت نگر علاقہ میں ایک دردناک واقعہ پیش آیا جس میں 14 مہینے کی شیرخوار بچی کو ایک کار ڈرائیور نے روند کر ہلاک کردیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ موکشیتا جو اپنے ماں باپ کے ساتھ جنکل واڑہ کالونی صنعت نگر میں مقیم تھی ۔ اتوار کی دوپہر اپنے مکان کے سامنے کھیل رہی تھی ۔ اسی دوران کار ڈرائیور محمد رسول نے لڑکی کی سڑک پر موجودگی کو نہ دیکھتے ہوئے تیز رفتاری سے کار چلاتے ہوئے اسے روند دیا ۔ بچی کو اس کے ماں باپ نے فوری نیلوفر ہاسپٹل منتقل کیا ۔ جہاں پر ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دیا ۔ اس واقعہ کے بعد علاقہ میں ہلکی سی سنسنی پھیل گئی اور پولیس نے کار ڈرائیور محمد رسول کو حراست میں لے لیا اور بتایا جاتا ہے کہ اس کے پاس ڈرائیونگ لائسنس بھی نہیں ہے ۔ پولیس کی تحقیقات میں یہ معلوم ہوا ہے کہ اپنے تین دوستوں کو صنعت نگر میں چھوڑنے کے بعد وہ اپنے مکان واپس لوٹ رہا تھا ۔ پولیس صنعت نگر نے بتایا کہ متوفی لڑکی کے ماں باپ مزدور پیشہ ہے اور انہیں ایک ہی اولاد تھی ۔ پولیس صنعت نگر نے اس سلسلہ میں ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے ۔