مسجد کی انہدامی کارروائی کیخلاف بودھن کانگریس کا ریمارک
بودھن : گزشتہ رات منصوبہ بند طریقہ پر انتہائی بربریت کے ساتھ شمس آبادایرپورٹ حیدرآباد کے قریب مسجد خواجہ محمود کو پولیس کی زیرنگرانی ڈھادیا گیا ، ایسی کوئی مثال اُترپردیش کی یوگی حکومت میں بھی دیکھنے کو نہیں ملتی ، یہاں بودھن میں کانگریس پارٹی کی میناریٹی سیل کی جانب سے مسجد کی انہدامی کارروائی پر سخت برہمی کا اظہار کیا گیا اور میناریٹی سیل ضلع نظام آباد کانگریس پارٹی کے نائب صدر عبدالساجد بودھن ، میناریٹی سیل جنرل سکریٹری سید عنایت علی کے علاوہ انصار خان ، سُہیل ، زبیر احمد ، شیخ انصار ، نوید عمران ، جاوید وغیرہ پر مشتمل وفد آر ڈی او آفس بودھن پہونچ کر آر ڈی او راجیشور سے ملاقات کرکے شمس آباد میں مسجد کی انہدام پر سخت ناراضگی کا اظہا ر کرتے ہوئے اس کارروائی کی قیادت کرنے والے جوائنٹ کلکٹر ، پولیس کمشنر ، میونسپل کمشنر اور محکمہ مال سے تعلق رکھنے والے ریونیو ڈیویژنل آفیسر کو فی الفور فوری ملازمت سے معطل کرکے ان کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا اور ایک یادداشت پیش کی ۔ اس موقع پر عبدالساجد نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ٹی آر ایس کو سیکولر پارٹی اور کے سی آر حکومت کو سیکولرازم کی سند دینے والے کم از کم اب تو آنکھیں کھولیں اور جان جائیں کے ٹی آر ایس پارٹی کی کار کا اسٹیرنگ ان کے ہاتھ میں نہیں ہے بلکہ آر ایس ایس کے ہاتھ میں ہے ۔