ممبئی : مہاراشٹر میں بی جے پی رکن اسمبلی حادثہ کا شکار ہو گئے۔ جمعہ کی رات مہاراشٹر کے ستارہ ضلع میں پونے ۔ پنڈھر پور روڈ پر ملتھن کے قریب رکن اسمبلی جے کمار گور کی کار 30 فٹ گہری کھائی میں گر گئی۔ اس حادثے میں ایم ایل اے کی پسلی ٹوٹ گئی اور ڈرائیور اور ان کے ساتھ موجود دو گن مین کو شدید چوٹیں آئی ہیں۔ زخمی رکن اسمبلی پونے کے روبی ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں۔ حادثے میں شدید زخمیوں کو بارامتی ہاسپٹل منتقل کر دیا گیا ۔ حادثہ ہفتہ کی صبح 3.30 بجے اس وقت پیش آیا جب ان کی کار توازن کھونے کے بعد کھائی میں گر گئی۔بتایا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کو اچانک نیند آ گئی جس کی وجہ سے کار بے قابو ہو گئی اور پل کی ریلنگ توڑ کر 30 فٹ گہری کھائی میں جا گری۔ پولیس پورے معاملے کی جانچ کر رہی ہے۔ذرائع کے مطابق، یہ خوفناک حادثہ اس وقت پیش آیا جب رکن اسمبلی جے کمار گور پونے سے اپنے گاوں دہیواڑی جارہے تھے۔ ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے گور کی ایس یو وی پل سے 30 فٹ نیچے گر پڑی۔