کالج انتظامیہ کا رسوا کن رویہ ، دلبرداشتہ طالبہ کی خودکشی

   

حیدرآباد /14 نومبر ( سیاست نیوز ) کالج انتظامیہ کی مبینہ رسوائی سے دلبرداشتہ ایک طالبہ نے خودکشی کرلی ۔ پرانے شہر کے علاقہ چھتری ناکہ پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 17 سالہ جیہ لکشمی نے کل رات انتہائی اقدام کرلیا ۔ جیہ لکشمی اپوگوڑہ علاقہ کے ساکن شخص یادیا کی بیٹی تھی ۔ جو پیشہ سے اسکراپ کا تاجر ہے ۔ یہ لڑکی ایک خانگی کالج میں انٹر سال دوم کی طالبہ بتائی گئی ہے ۔ اس کالج انتظامیہ کی جانب سے کالج کی تمام طالبات کو کالج کے اوقات سیل فون کے استعمال سے منع کیا گیا تھا اور سیل فون ساتھ نہ لانے کی سخت تاکید کی گئی تھی ۔ باوجود اس کے جیہ لکشمی سیل فون اپنے ساتھ لے جایا کرتی تھی ۔ کالج انتظامیہ نے اس کی حرکت پر اس کے والد کو طلب کیا اور بیٹی کی حرکتوں سے واقف کروایا ۔ اس بات سے لڑکی دلبرداشتہ ہوگئی اور اس نے انتہائی اقدام کرلیا ۔ پولیس چھتری ناکہ مصروف تحقیقات ہے ۔