پراجکٹ کے مشاہدہ میں عوام کی دلچسپی، وزیر سیاحت سرینواس گوڑ کا بیان
حیدرآباد۔9اگسٹ (سیاست نیوز) حکومت کی جانب سے کالیشورم کے قریب سیاحتی مقامات کے فروغ کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ۔ریاستی وزیر سیاحت مسٹر سرینواس گوڑ نے بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ کے مشاہدہ کے خواہشمندوں کی تعداد میں ہورہے اضافہ کو دیکھتے ہوئے اس بات پر غور کیا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے دیگر مقامات سے کالیشورم میدی گڈہ کے لئے ٹورسٹ بس خدمات شروع کی جائیں اور ان خدمات کا مقصد ہی سیاحت کا فروغ ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے کالیشورم پراجکٹ کی تکمیل کے بعد شہریوں کا رخ کالیشورم کے مشاہدہ کی سمت بڑھا ہے اور لوگ میدی گڈہ کا دورہ کر رہے ہیں ۔ انہو ںنے کہا کہ عوام کے اس رجحان کو دیکھتے ہوئے محکمہ سیاحت کی جانب سے اس بات پر غور کیا جا رہاہے کہ کالیشورم پراجکٹ کے ایسے مقامات جو سیاحوں کی دلچسپی کا سبب بن سکتے ہیں ان مقامات پر سیاحت کو فروغ دینے کے لئے سہولتوں کی فراہمی اور دیگر اقدامات کئے جائیں تاکہ کالیشورم کا دورہ کرنے والے سیاحوں کو سہولتوں کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے اور ان مقامات پر سیاحتی فروغ کے ذریعہ محکمہ سیاحت کے ریستوراں اور گیٹس ہاؤز کی تعمیر کے سلسلہ میں منصوبہ بندی کی جاسکے۔مسٹر سرینواس گوڑ نے بتایا کہ کالیشورم میں بہت جلد کشتی رانی کے علاوہ دیگر سیاحتی سرگرمیوں کا آغاز کیا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں حکومت تلنگانہ نے ریاست میں پانی کی قلت سے نمٹنے کے لئے جو پراجکٹ تیار کیا ہے اس کے مشاہدہ کے متعلق عوامی دلچسپی میں ہونے والے اضافہ کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔مسٹر سرینواس گوڑ کے انکشاف کے متعلق عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ سیاحت کی جانب سے تجاویز حکومت کو روانہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور توقع ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد کشتی رانی اور کالیشورم کے سیاحتی مقامات پر ترقیاتی کاموں کے سلسلہ میں مانسون کے بعد ترقیاتی سرگرمیو ںکا آغاز کردیاجائے گا۔عہدیداروں نے بتایا کہ عوامی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے کالیشورم پراجکٹ کے مختلف بیاریجس کے مشاہدہ کے لئے مرکزی مقامات سے ٹورسٹ بس خدمات کا آغاز کیا جا رہا ہے تاکہ جو لوگ کالیشورم پراجکٹ کا مشاہدہ کرتے ہوئے واپس ہونا چاہتے ہیں انہیں سہولت بہم پہنچائی جاسکے۔ ریاستی وزیر نے بتایا کہ 10 اگسٹ سے محکمہ سیاحت کی جانب سے کالیشورم کیلئے ٹورسٹ بس خدمات شروع ہوجائیں گی۔