کاماریڈی میں بین ریاستی گانجہ کی غیرقانونی منتقلی کا ریاکٹ گرفتار

   

1.99 کروڑ مالیتی گانجہ اور دو اہم ملزمین کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت حراست میں ۔ ضلع ایس پی کا خطاب

کاماریڈی ۔ 16ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کاماریڈی ضلع پولیس نے بین ریاستی سطح پر گانجہ کی غیر قانونی منتقلی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے 1.93 کروڑ روپے مالیتی گانجہ اسمگلنگ کیس میں ملوث دو اہم ملزمین کے خلاف پی ڈی ایکٹ کے تحت حراستی احکامات جاری کیے ہیں۔ پولیس کے مطابق ملزمین نے پھلوں کی آڑ میں 387.128 کلو گرام گانجہ غیر قانونی طور پر منتقل کرنے کی کوشش کی تھی۔ ضلع ایس پی مسٹر راجیش چندرا کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل اور استعمال کی روک تھام کے لیے خصوصی کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور عوامی امن و سلامتی کو متاثر کرنے والے منشیات کے اسمگلروں کے خلاف سخت قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق 20 جون کو دیوان پلی پولیس کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ اُڈیشہ ریاست کے سرحدی علاقوں سے بھاری مقدار میں گانجہ مہاراشٹرا کے ناسک علاقے منتقل کیا جا رہا ہے۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندرا کی ہدایت پر پولیس نے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر قومی شاہراہ نمبر 44 پر بڑے پیمانے پر گاڑیوں کی تلاشی مہم شروع کی۔ اس دوران کیسام پلی گاؤں کے مضافات میں واقع رائل ڈھابہ کے قریب ایک مشتبہ اشوک لی لینڈ کو روک کر تلاشی لی گئی۔ پولیس نے بتایا کہ گاڑی کے اوپری حصے میں پھل رکھے گئے تھے جبکہ ان کے نیچے تھیلوں میں گانجہ چھپاکر منتقل کیا جارہا تھا تاکہ کسی کو شبہ نہ ہو ۔ تلاشی کے دوران 387.128 کلو گرام گانجہ برآمد ہوا، جس کی مالیت تقریباً 1,93,56,400 روپئے بتائی گئی ہے۔ اس مقدمہ میں تین ملزمین کو گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔ بعد ازاں پولیس نے گانجہ کی سپلائی چین، اسمگلنگ مافیا کے دیگر ارکان کے کردار اور مالی لین دین کے معاملات کی بھی تحقیقات شروع کیں۔ اس کیس میں پی ڈی ایکٹ کے تحت حراستی احکامات جاری کیے گئے ۔ ملزمین میں اڈیشہ کے کندھامل ضلع سے تعلق رکھنے والے راجو عرف راج کشور پردھان، اور دیپک عرف دیپک پردھان، شامل ہیں۔ پولیس کے مطابق مذکورہ ملزمین گانجہ کی غیر قانونی منتقلی میں ملوث رہتے ہوئے منشیات کی سپلائی کے ذریعے بالخصوص نوجوان نسل پر منفی اثرات مرتب کرنے والی مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث تھے۔ عوامی امن و سلامتی کے تحفظ اور اس طرح کی مجرمانہ سرگرمیوں کی روک تھام کے مقصد سے ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کیا گیا ہے۔ ضلع ایس پی ایم راجیش چندر نے کہا کہ منشیات کی غیر قانونی اسمگلنگ، فروخت اور استعمال نوجوانوں کے مستقبل کو تباہ کرنے کے ساتھ ساتھ پورے معاشرے پر سنگین اثرات مرتب کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کاماریڈی ضلع میں گانجہ اور دیگر منشیات کی غیر قانونی نقل و حمل کو مکمل طور پر روکنے کے لیے خصوصی نگرانی، گاڑیوں کی تلاشی، ناکہ بندی اور خصوصی آپریشن مسلسل جاری رہیں گے۔ منشیات کی اسمگلنگ میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ضرورت پڑنے پر پی ڈی ایکٹ کا بھی موثر استعمال کیا جائے گا۔