کاماریڈی میں 27 دنوں سے کورونا مثبت کیس نہیں

   

عوام سے شرائط پر عمل آوری کی خواہش، کلکٹر شرت کی پریس کانفرنس

کاماریڈی:9؍مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع کلکٹر ڈاکٹر شرت ، ضلع ایس پی شویتا ریڈی نے جنا ہیتا بلڈنگ میں صحافیو ں سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ کاماریڈی ضلع میں گذشتہ 27 دنوں سے کورونا کا ایک بھی مثبت کیس ظاہر نہیں ہوا ہے اور کاماریڈی اورنج میں آنے والے دنوں میں کاماریڈی اورنج زون سے گرین زون میں شامل کئے جانے کے قوی امکانات ہیں لہذا لاک ڈائون پر سختی کے ساتھ عمل آوری کریں ۔ ضلع کلکٹر شرت ، ایس پی شویتا ریڈی نے عوام سے خواہش کی کہ شرائط کی عمل آوری کریں قواعد کی خلاف ورزی کرنے صورت میں سختی کے ساتھ کارروائی کی جائے گی ۔ لاک ڈائون کے موقع پر تعلیمی ادارے ، ٹرانسپورٹ ، شاپنگ کامپلکس ، پارک ، آڈیٹوریم ، جلسہ ، جلوس مکمل طور پر پابندی عائد کی گئی ہے ۔ قواعد میں نرمی کا مطلب اس کا غلط استعمال کرنا نہیں ہے ۔ دیہی علاقوں میں مکمل طور پر چھوٹ دی گئی ہے اور اربن کے علاقہ میں دکانات ایک دن کے وقفہ سے کھلے رکھنے کی اجازت دی گئی ہے جبکہ تعلیمی ادارے ، کوچنگ سنٹرس کو کھولنے کی اجازت نہیں ہے اور جن دکانات کو کھلی رکھی گئی ہے ان علاقوں میں سماجی دوری کا مکمل طور پر لحاظ رکھیں اور چہرے پر ماسک نہ پہننے کی صورت میں ایک ہزار روپئے تک جرمانہ عائد کیا جائیگا۔ ہنگامی صورت میں ہی سڑکوں پر آئیں ورنہ گھروں تک محدود رہیں ۔ انہوں نے کہا کہ محلہ سنگموں کے ذریعہ 9.90لاکھ ماسک تیار کئے گئے اور دیہی علاقوں میں 6.60 لاکھ اور شہروں میں 3.30 لاکھ ماسک کو فروخت کیا جائیگااور 15 طرح کے ماسک تیار کئے گئے ہیں ۔ ضلع ایس پی شویتا ریڈی نے بتایا کہ لاکڈائون کے بعد 9500 گاڑیاں ضبط کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کئے گئے ۔ 251 افراد پر مقدمات درج کئے گئے دیگر ریاستوں سے ضلع کو 568 افراد آنے پر انہیں کوارنٹائن کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ ضلع کلکٹر نے بتایا کہ ضلع میں 437 خریدی مراکز قائم کئے گئے اور دھان کی خریدی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کلکٹر وینکٹیش دھوترے کے علاوہ دیگر عہدیداربھی موجود تھے ۔