کامیڈین راجو سریواستو کا دیہانت

   

نئی دہلی : مشہور کامیڈین راجو سریواستو کا آج 58 سال کی عمر میں دیہانت ہوگیا ۔ وہ گزشتہ ڈیڑھ ماہ سے ہاسپٹل میں زیرعلاج تھے۔ انہوں نے آج صبح آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز (ایمس) میں آخری سانس لی۔ انہیں دل کا دورہ پڑنے کے باعث 10 اگست کو ایمس دہلی میں داخل کرایا گیا تھا اور اسی دن ان کی انجیو پلاسٹی کی گئی تھی۔ مشہور کامیڈین اور اداکار راجو طویل عرصے سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کی موت پر اظہارافسوس کیا ہے۔راجو اپنی اداکاری اور مزاح گوئی سے سب کو خوب ہنسایا کرتے تھے۔ 2014 کے لوک سبھا انتخابات میں سماج وادی پارٹی نے انہیں کانپور سیٹ سے میدان میں اتارا تھا لیکن وہ پارٹی سے علحدہ ہوگئے اور اسی سال بی جے پی میں شامل ہوئے تھے۔