کانسٹی ٹیوشن کلب کی تعمیر کیلئے محکمہ عمارات و شوارع سے سروے کا آغاز

   

حیدرآباد ۔ 5 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میں کانسٹی ٹیوشن کلب تعمیر کرنے کے فیصلہ کے تناظر میں محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے کل آدرش نگر میں نیو ایم ایل اے کوارٹرس پر سروے کا کام شروع کیا گیا ۔ ارکان اسمبلی اور ارکان کونسل کے لیے کانسٹی ٹیوشن کلب کی تعمیر سے متعلق تفصیلی رپورٹ حاصل کرنے کے لیے دو سروے ٹیمس کو اس کام کے لیے مامور کیا گیا ہے ۔ تقریبا ایک ہفتہ قبل اسپیکر اسمبلی گڈم پرساد کمار ، کونسل کے چیرمین جی سیکھندر ریڈی ، ڈپٹی چیرمین بنڈا پرکاش مدیراج ، وزراء ڈی سریدھر بابو اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے محکمہ عمارات و شوارع کے عہدیداروں اور کنسلٹنٹ ایجنسیز کے نمائندوں کے ساتھ ایک اجلاس منعقد کیا تھا ۔ اس اجلاس میں دی گئی ہدایات کے مطابق محکمہ عمارات و شوارع کے انجینئرس نے ان کی سروے ٹیمس کے ہمراہ نیو ایم ایل اے کوارٹرس کا دورہ کیا جنہوں نے اس مقام پر مستقل اور عارضی عمارتوں ، درختوں ، ڈرینج سسٹم ، واٹر پائپ لائن روٹ میاپ اور انڈر گراونڈ ڈرینج میاپ اور دوسری چیزوں کی ان کی رپورٹ میں تذکرہ کے لیے نشاندہی کی ۔ سروے ٹیمس نے پیر کو ان کا کام شروع کیا اور توقع ہے کہ وہ دس دن کے اندر ایم ایل اے کوارٹرس پر ایک بلیو پرنٹ کے ساتھ محکمہ عمارات و شوارع میں رپورٹ داخل کریں گے ۔ ذرائع نے کہا کہ تفصیلی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد آر اینڈ بی عہدیدار اس مقام کے معائنہ اور مجوزہ کانسٹی ٹیوشن کلب کا ایک ماڈل پیش کرنے کے لیے آرکیٹیکٹس کی خدمات حاصل کریں گے ۔ ذرائع نے یہ بھی کہا کہ اس رپورٹ کی اسٹیڈی کے بعد اور آرکیٹیکٹس کی رپورٹ کی اساس پر محکمہ عمارات و شوارع کی جانب سے چیف منسٹر ، اسپیکر اسمبلی ، کونسل چیرمین اور وزراء کی منظوری پر توقع ہے کہ دو یا تین ماہ میں کوارٹرس کو منہدم کیا جائے گا ۔ تقریبا 55 سال پہلے آدرش نگر میں 22 ایکرس پر 185 کوارٹرس تعمیر کئے گئے تھے ۔ ان کوارٹرس میں چند ارکان اسمبلی اور سابق ارکان پارلیمنٹ مقیم ہیں ۔ پرانے سکریٹریٹ کو مندہم کرنے کے بعد کئی سرکاری محکمہ جات ان کوارٹرس کی راہ لی اور وہاں سے کام کیا اور نئے سکریٹریٹ کی تعمیر کے بعد اس میں گئے ۔۔