کانگریس انتخابی منشور کمیٹی کا اجلاس، ضمانتوں پر عمل آوری کا جائزہ

   

وعدوں کی تکمیل میں حکومت سنجیدہ، اپوزیشن کے الزامات عجلت پسندی، دیپا داس منشی اور ریاستی وزراء کی شرکت
حیدرآباد۔/23 جنوری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کی انتخابی منشور کمیٹی کا آج گاندھی بھون میں اجلاس منعقد ہوا جس کی صدارت کمیٹی کے صدرنشین اور ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی ڈی سریدھر بابو نے کی۔ اجلاس میں تلنگانہ امور کی اے آئی سی سی انچارج دیپا داس منشی، اے آئی سی سی پروفیشنل کانگریس کے صدرنشین پراوین چکرورتی، ریاستی وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، اے آئی سی سی سکریٹریز روہت چودھری، منصور علی خاں، ورکنگ پریسیڈنٹ اور رکن کونسل مہیش کمار گوڑ اور منشور کمیٹی کے ارکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کانگریس برسراقتدارآنے کے بعد 6 ضمانتوں کے علاوہ انتخابی منشور پر عمل آوری کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کا یہ احساس تھا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے ہر وعدہ کی تکمیل کرے گی۔ سابق میں کانگریس حکومتوں نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرتے ہوئے کئی فلاحی اسکیمات کا آغاز کیا تھا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کمیٹی کے صدرنشین ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ انتخابات میں کانگریس نے عوام کیلئے ایک بہترین انتخابی منشور پیش کیا۔ عوام نے کانگریس پر بھروسہ کرتے ہوئے اقتدار عطا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور میں عوام کو درپیش تمام اہم مسائل کا احاطہ کیا گیا ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ چھ ضمانتوں اور انتخابی منشور پر عمل آوری میں حکومت کی سنجیدگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ حلف برداری کے دو دن بعد 2 ضمانتوں پر عمل آوری شروع کردی گئی۔ غریبوں کو راجیو آروگیہ شری کے تحت 10 لاکھ روپئے تک مفت علاج اور خواتین کو آر ٹی سی بسوں میں مفت سفر کی سہولت کا آغاز ہوچکا ہے۔ سریدھر بابو نے کہا کہ حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں پر عمل آوری کا کمیٹی وقتاً فوقتاً جائزہ لے گی۔ کانگریس پر عوام نے جس اعتماد کا اظہار کیا ہے اسے پورا کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر نے اپوزیشن کی جانب سے حکومت پر تنقیدوں کو جلد بازی سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کے ایک ماہ کی تکمیل کے ساتھ ہی بی آر ایس اور بی جے پی نے الزام تراشی شروع کردی ہے۔ کانگریس حکومت وعدوں کی تکمیل کو یقینی بنائے گی۔ اے آئی سی سی پروفیشنل کانگریس کے صدرنشین پراوین چکرورتی نے کہا کہ انتخابی منشور عوام کی خواہشات کے عین مطابق ہے اور حکومت کیلئے قابل عمل بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات کیلئے کانگریس کا انتخابی منشور سابق وزیر پی چدمبرم کی زیر قیادت کمیٹی تیار کررہی ہے۔ کانگریس کا منشور عوام کی خواہشات اور امیدوں کے مطابق ہوگا۔ انہوں نے تلنگانہ میں انتخابی منشور پر عمل آوری کے آغازکیلئے حکومت کو مبارکباد پیش کی۔ اجلاس میں منشور کمیٹی کے ارکان نے مختلف تجاویز پیش کرتے ہوئے منشور اور ضمانتوں پر موثر عمل آوری کے ذریعہ اپوزیشن کے پروپگنڈہ کا جواب دینے کی اپیل کی۔1