کانگریس برسراقتدار آنے پر شوگر فیکٹری کے احیاء کی فائیل پر پہلی دستخط، رکن کونسل جیون ریڈی کا بیان

   

حیدرآباد۔/30 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن کونسل ٹی جیون ریڈی نے کہا کہ ریاست میں کانگریس برسراقتدار آنے پر متیم پیٹ شوگر فیکٹری کے احیاء سے متعلق فائیل پر پہلی دستخط کی جائے گی۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر جو بھی ہوں گے ان سے فائیل پر پہلی دستخط حاصل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے برسراقتدار آنے کے بعد سب سے پہلے متیم پیٹ شوگر فیکٹری کو بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا لہذا کانگریس برسراقتدار آنے پر پہلا فیصلہ فیکٹری کی بحالی کا کرے گی۔ دھان کی خریدی اور کسانوں کے مسائل پر راہول گاندھی کے ٹوئیٹ کا خیرمقدم کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس قائدین غیر ضروری طور پر خوفزدہ ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ راہول گاندھی کے ٹوئیٹ سے ٹی آر ایس میں بوکھلاہٹ کیوں ہے۔ راہول گاندھی نے کسانوں کے مسائل کے حل اور مکمل طور پر دھان کی خریدی کے حق میں ٹوئیٹ کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے۔ جیون ریڈی نے کہاکہ قومی قائد کی حیثیت سے راہول گاندھی تلنگانہ کے کسانوں کی تکالیف پر ہمدردی کا اظہار کررہے ہیں۔ جیون ریڈی نے الزام عائد کیا کہ ٹی آر ایس حکومت کسانوں کے بارے میں سنجیدہ نہیں ہے۔ جیون ریڈی نے آج جگتیال کا دورہ کرتے ہوئے شوگر فیکٹری کے بند ہونے سے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات کی ۔ر