کانگریس حکومت کے 100 دن ترقی کے دور کا آغاز

   

پانچ ضمانتوں پر عمل آوری شروع،
ریاستی وزیر سرینواس ریڈی اور کانگریس قائدین کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ (سیاست نیوز) وزیر ریونیو پی سرینواس ریڈی نے تلنگانہ میں کانگریس حکومت کے 100 دن کو عوام کے لئے سنہرا دور قرار دیا ۔ ریونت ریڈی حکومت کے 100 دن کی تکمیل پر تبصرہ کرتے ہوئے سرینواس ریڈی نے کہا کہ پرجا پالنا کے تحت عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود پر توجہ مرکز کی گئی ہے۔ 100 دن میں حکومت نے ہر گھر میں خوشحالی کا پیام پہنچایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 100 دنوں میں حکومت نے 5 ضمانتوں پر عمل آوری کو یقینی بنایا ہے۔ 29 ہزار سے زائد سرکاری جائیدادوں پر تقررات کئے گئے ۔ دھرانی پورٹل کے مسائل کی یکسوئی کیلئے ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ پانچ برسوں میں 20 لاکھ اندراماں ہاؤزنگ مکانات کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا ۔ سرینواس ریڈی کے مطابق حکومت نے نئے راشن کارڈ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لئے عنقریب رہنمایانہ خطوط جاری کئے جائیں گے۔ ڈی ایس سی 2008 کے امیدواروں کو ملازمتیں فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ ٹیچرس کے اہلیتی امتحانات کا نوٹیفکیشن جاری ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی تشکیل کے 48 گھنٹوں میں وعدوں کی تکمیل کا آغاز کردیا گیا جو کسی بھی حکومت کیلئے ریکارڈ سے کم نہیں ہے۔ سکریٹریٹ میں مسائل کی یکسوئی کے لئے عوام کا داخلہ کھول دیا گیا ہے۔ اسی دوران بی آر ایس کے رکن کونسل بی وینکٹ اور سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی نے حکومت کے 100 دنوں کی تکمیل پر چیف منسٹر ریونت ریڈی کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ تلنگانہ میں عوام کیلئے حقیقی معنوں میں سنہری دور کا آغاز ہوچکا ہے۔ 1