عوامی مسائل کی یکسوئی، سی ڈی ایف فنڈز کی اجرائی کیلئے چیف منسٹر سے ملاقات
حیدرآباد۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) بی آر ایس کے چار ارکان اسمبلی نے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے ملاقات کے بعد پارٹی تبدیل کرنے سے متعلق افواہوں کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ہم کے سی آر کی قیادت میں کام کریں گے۔ عوامی مسائل پر چیف منسٹر سے ملاقات کرنے کی وضاحت کی۔ تلنگانہ بھون میں آج ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی سنیتا لکشماریڈی، مانک راؤ، کے پربھاکر ریڈی، جی مہیپال ریڈی نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی چیف منسٹر سے ملاقات کے بعد پارٹی تبدیل کرنے کی افواہیں گشت کررہی ہیں، بی آر ایس کیڈر میں پائی جانے والی بے چینی کو دور کرنے کیلئے ہم وضاحت کررہے ہیں۔ ہم کانگریس میں ہرگز شامل نہیں ہوں گے۔ کے سی آر کی قیادت میں بی آر ایس میں رہ کر کام کریں گے۔ اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کی یکسوئی کے لئے چیف منسٹر سے ملاقات کی گئی ہے۔ مستقبل میں بھی مزید ملاقاتیں کی جائیں گی۔ اسپیشل ڈیولپمنٹ فنڈس کی اجرائی کے لئے چیف منسٹر سے نمائندگی کی گئی ہے۔ اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کے عوامی مسال کو حل کرانا ہماری ذمہ داری ہے۔ اضلاع میں ترقیاتی کام اور دیگر پروگرامس میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے انہیں نظرانداز کیا جارہا ہے۔ پروٹوکال کی خلاف ورزی کی جارہی ہے، گن مین کی تعداد گھٹا دی گئی ہے جس سے چیف منسٹر کو واقف کرایا گیا ہے۔ ترقیاتی کاموں کیلئے چیف منسٹر نے دہلی پہنچ کر وزیر اعظم سے نمائندگی کی تو کیا ہم میدک سے حیدرآباد پہنچ کر چیف منسٹر سے ملاقات نہیں کرسکتے؟ 2
چیف منسٹر کی قیامگاہ پر آرٹی سی کے معطل ملازمین کا ہجوم
حیدرآباد 24جنوری(یواین آئی) چیف منسٹر ریونت ریڈی کی قیامگاہ جوبلی ہلز کے قریب بڑی تعداد میں آج آرٹی سی کے معطل ملازمین پہنچ گئے جن کا کہنا ہے کہ پیشرو بی آرایس حکومت نے ان کے ساتھ ناانصافی کی ہے۔ چھوٹے چھوٹے مسائل پر 1500ملازمین کو خدمات سے معطل کردیاگیا۔انہوں نے خدمات پر بحال کرنے پرزوردیا۔
پولیس نے تین ملازمین کو وزیراعلی سے ملاقات اور اپنے مسائل پر یادداشت پیش کرنے کی اجازت دی۔