کانگریس وفد کی گورنر سے ملاقات، تازہ سیاسی صورتحال پر بات چیت

   

دھان کی خریدی میں شفافیت کا مطالبہ، جی او 111 کی برخاستگی کی مخالفت،12 ماہ بعد کانگریس کے اقتدار کا دعویٰ

حیدرآباد۔/13 اپریل، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے آج گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن سے راج بھون میں ملاقات کی اور کسانوں کو درپیش مسائل کے علاوہ جی او 111 کی منسوخی اور دیگر متنازعہ فیصلوں پر نمائندگی کی۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں گورنر سے ملاقات کرنے والے وفد میں اسٹار کیمپنر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، کنوینر پولٹیکل افیرس کمیٹی محمد علی شبیر، صدر نشین تشہیری کمیٹی مدھو یاشکی گوڑ، ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، وی ہنمنت راؤ، ایم کودنڈا ریڈی، جگا ریڈی، انجن کمار یادو ، پونم پربھاکر، انیل کمار یادو، رینوکا چودھری، ڈاکٹر شراون اور دیگر قائدین شامل تھے۔ ریونت ریڈی نے گورنر کو ریاست میں دھان کی عدم خریدی کے نتیجہ میں کسانوں کو ہونے والی دشواریوں سے واقف کرایا۔ انہوں نے کابینہ کی جانب سے کل کئے گئے بعض فیصلوں پر اعتراض کیا اور گورنر سے مداخلت کی اپیل کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی اور کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کے سی آر حکومت کسانوں کی زندگی سے کھلواڑ کررہی ہے۔ حکومت کی جانب سے ایک ایکر زائد اراضی کو پانی سربراہ نہیں کیا گیا بلکہ زیر زمین پانی کی سطح میں اضافہ سے زرعی شعبہ کو فائدہ ہوا ہے۔ کانگریس کی جدوجہد کے نتیجہ میں کے سی آر نے دھان کی خریدی کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں سے مکمل دھان کی خریدی کو یقینی بنانے کیلئے کانگریس قائدین آئندہ چار دنوں میں مارکٹ یارڈس کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی اور ٹی آر ایس کسانوں کے مسئلہ پر ڈرامہ بازی کررہے ہیں۔ بدعنوانیوں کے نتیجہ میں کے سی آر کا جیل جانا یقینی ہے۔ ریونت ریڈی نے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ کانگریس پارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ راہول گاندھی جاریہ ماہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور آئندہ 12 ماہ بعد تلنگانہ میں کانگریس کی حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تازہ صورتحال پر گورنر کو رپورٹ پیش کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خریدی کے مراکز کے آغاز میں تاخیر کے سبب 30 فیصد دھان درمیانی افراد نے کم قیمت پر حاصل کرلیا ہے۔ انہوں نے بروکرس اور ملرس کی جانب سے کسانوں کے استحصال کو روکنے کا مطالبہ کیا۔ سیاسی بقاء کیلئے ٹی آر ایس اور بی جے پی دہلی اور حیدرآباد میں ایک دوسرے کے خلاف دھرنا کررہے ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کسانوں کو کم قیمت پر دھان کی فروخت پر مجبور کرنے کی کوششوں کو ناکام بنایا جائے۔ انہوں نے دھان کی خریدی میں بے قاعدگیوں میں ملوث افراد کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کانگریس برسراقتدار آنے کے بعد قولدار کسانوں کو رعیتو بندھو اسکیم کے دائرہ میں شامل کیا جائے گا۔ مدھو یاشکی گوڑ نے جی او 111 کی برخواستگی کے فیصلہ پر تنقید کی اور کہا کہ کے سی آر خاندان کو فائدہ پہنچانے کیلئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے تلنگانہ میں ڈرگس اسکام کی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا۔ر