کانگریس پر مصنوعی خشک سالی پیدا کرنے کا الزام

   

گمبھی راؤ پیٹ میں بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے سابق وزیر کے ٹی آر کا خطاب

گمبھی راو پیٹ؍ سرسلہ۔ 10 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کارگزار صدر بی آرایس ورکن اسمبلی سرسلہ کے تارک را ما راؤ نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فصلوں کیلئے فی الفور پانی جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت ریاست کے کسانوں کے تئیں سنجیدہ ہے تو فصلوں کو سیراب کیا جائے۔ فصلوں کو پانی کی اجرائی کے تمام امکانات موجود ہیں تاہم کانگریس حکومت آبی سر براہی سے گریز کر رہی ہے۔ وہ آج اپنے حلقہ اسمبلی سرسلہ کے گمبھی راو پیٹ کے گایتری فنکشن ہال میں بی آرایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔ کے ٹی آر نے کانگریس حکومت پر تنقید کی اور کہا کہ ریاست میں کوئی خشک سالی کی صورتحال نہیں ہے۔ دراصل کانگریس پارٹی نے مصنوعی خشک سالی پیدا کر دی ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس پارٹی جھوٹ بول کر اقتدار پر فائز ہوئی ہے۔ کانگریس پارٹی نے جو وعدے کئے 420 ان کی تعداد ہے۔ کے ٹی آر نے کہا کہ سو دن کے اندر اگر کانگریس حکومت ان وعدوں کو پورا نہیں کرتی ہے تو بی ار ایس اس کو پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے احتجاجی دھرنے منعقد کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں بنڈی سنجے کو ناکام بنایا جائے اور بی آرایس امید وارونو د کمار کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنایا جائے۔ اس اجلاس کو ٹیسکوآپ چیئرمین راوندر راؤ ،ضلع پریشد چیئر پرسن سرسلہ ارونا راگھواریڈی، صدر ضلع بی ار ایس ٹی اگیا ،سیس چیرمین چکالہ راما راو، وغیرہ نے مخاطب کیا ،بعد ازاں کے ٹی آر نے کہا کہ 12 مارچ کو کریم نگر میں منعقدہ بی آرایس کے جلسہ عام کو کامیابی سے ہمکنار کیا جائے جس میں سابقہ چیف منسٹر کے سی ار شرکت کرتے ہوئے عوام کو مخاطب فرمائیں گے۔