کانگریس رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی کی وضاحت ، منوگوڑ کی انتخابی مہم کے بارے میں الجھن برقرار
حیدرآباد ۔10 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی کے ناراض رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو کانگریس میں برقراری کا اعلان کرنا پڑا ۔ پارٹی کی صدارت پر ریونت ریڈی کی نامزدگی کے بعد سے کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ناراض تھے کیونکہ وہ اس عہدہ کے اہم دعویدار تھے۔ ابتداء میں انہوں نے ریونت ریڈی کے خلاف بیان بازی کی تاہم ہائی کمان کی ہدایت کے بعد سے خاموشی اختیار کرلی ۔ نئی دہلی میں پارلیمنٹ اجلاس کے موقع پر ریونت ریڈی نے وینکٹ ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے اختلافات کی یکسوئی کی کوشش کی ۔ وینکٹ ریڈی کے بھائی راج گوپال ریڈی کے کانگریس سے استعفیٰ کے بعد وینکٹ ریڈی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا۔ راج گوپال ریڈی بی جے پی کے ٹکٹ پر منوگوڑ اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ میں حصہ لے رہے ہیں۔ ایسے میں چھوٹے بھائی کے خلاف انتخابی مہم کیلئے وینکٹ ریڈی تیار دکھائی نہیں دیتے۔ کانگریس کی انتخابی مہم سے دوری پر پارٹی حلقوں میں ناراضگی پائی جاتی ہے ۔ ایسے میں ٹی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے سنسنی خیز پیش قیاسی کردی کہ تلنگانہ کے دو کانگریس ارکان پارلیمنٹ جلد ہی پارٹی چھوڑ دیں گے۔ کے ٹی آر کے اس بیان نے وینکٹ ریڈی کو وضاحت کیلئے مجبور کردیا اور انہوں نے اعلان کیا کہ وہ کانگریس پارٹی میں برقرار رہیں گے ۔ نلگنڈہ کے رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی نے بھی وضاحت کی کہ کے ٹی آر گمراہ کن بیانات کے ذریعہ کارکنوں میں الجھن پیدا کر رہے ہیں۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے ٹوئیٹر پر کے ٹی آر کے بیان کو سیاسی ڈرامہ بازی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کے ٹی آر کانگریس کے خلاف جھوٹا پروپگنڈہ کر رہے ہیں اور اس طرح کے پروپگنڈہ سے ٹی آر ایس کو کوئی فائدہ نہیں ہوگا۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ بھارت جوڑو یاترا کانگریس کے اتحاد کی علامت ہے۔ منوگوڑ میں انتخابی مہم اگرچہ شدت اختیار کرچکی ہے، دیکھنا یہ ہے کہ وینکٹ ریڈی اپنے بھائی کے خلاف میدان میں کب آئیں گے۔ ر