کانگریس کارکنوں نے شہیدان تلنگانہ یادگار کو ہلدی کے پانی سے دھویا

   

ہریش راؤ پر شہیدان تلنگانہ کی توہین کا الزام
حیدرآباد ۔ 26 ۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے ہریش راؤ پر یادگار شہیدان تلنگانہ کی توہین کا الزام عائد کیا۔ ہریش راؤ کی جانب سے یادگار پر پہنچنے کے بعد کانگریس کے رکن کونسل بی وینکٹ اور دیگر قائدین وہاں پہنچ گئے اور ہلدی کے پانی سے یادداشت شہیدان تلنگانہ کو دھویا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ہریش راؤ نے شہیدان تلنگانہ کی توہین کی ہے ۔ ہریش راؤ نے ہمیشہ تلنگانہ جہد کاروں کو نظر انداز کیا اور گزشتہ 10 برسوں میں جہد کاروں سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ۔ ایسی شخصیت کا یادگار پر پہنچنا شہیدان تلنگانہ کی توہین ہے۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے یادگار کو ہلدی کے پانی سے دھویا اور گلہائے عقیدت پیش کئے ۔ بی وینکٹ نے کہا کہ 10 سال بعد ہریش راؤ کو شہیدان تلنگانہ کی یاد آئی ہے ۔ تلنگانہ تحریک میں ہریش راؤ نے کوئی قربانی نہیں دی۔ بی وینکٹ نے کہا کہ 15 اگست سے قبل کسانوں کے دو لاکھ روپئے کے قرضہ جات معاف کرنے کا چیف منسٹر کا اعلان قابل ستائش ہے اور حکومت بہر صورت وعدہ پر عمل کرے گی ۔ انہوں نے ہریش راؤ کو چیلنج کیا کہ گزشتہ 10 برسوں میں شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کی بھلائی کے اقدامات پر مباحث کے لئے تیار ہوں۔1