صورتحال کشیدہ، قائدین اور کارکن گرفتار، اڈانی گروپ کو مودی کی سرپرستی کا الزام
حیدرآباد۔/15 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے آج ’ چلو راج بھون‘ پروگرام منعقد کیا جس میں سینئر قائدین کے بشمول سینکڑوں کی تعداد میں کارکن شریک ہوئے۔ بی جے پی اور اڈانی گروپ میں تعلقات کو بے نقاب کرنے کیلئے یہ احتجاج منظم کیا گیا جس میں الزام عائد کیا گیا کہ مرکزی حکومت اڈانی گروپ کی بے قاعدگیوں کی پردہ پوشی کررہی ہے۔’ چلو راج بھون‘ احتجاج کے تحت پارٹی قائدین اور کارکن خیریت آباد چوراہے تک پہنچ گئے جہاں پولیس نے انہیں آگے بڑھنے سے روک دیا۔ خیریت آباد چوراہے پر پولیس اور کانگریس کارکنوں کے درمیان بحث و تکرار کے نتیجہ میں صورتحال کشیدہ ہوگئی۔ پولیس کا حصار توڑ کر قائدین نے راج بھون کی طرف بڑھنے کی کوشش کی جس پر انہیں حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کی جانب سے راج بھون کے راستہ میں بیریکیڈس نصب کرتے ہوئے رکاوٹیں کھڑی کردی گئیں۔ احتجاجیوں نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی اور رکاوٹوں کو پھلانگنے کی کوشش کی۔ کانگریس کارکن مرکزی حکومت اور نریندر مودی کیخلاف نعرے لگارہے تھے۔ انہوں نے ایل آئی سی اور ایس بی آئی بچاؤ کے نعرے لگائے۔ کشیدگی میں اضافہ کے بعد پولیس نے کانگریس قائدین اور کارکنوں کو حراست میں لے لیا۔ گوشہ محل اور پنجہ گٹہ پولیس اسٹیشنوں کو منتقل کیا گیا جہاں بعد میں رہائی عمل میں آئی۔ اے آئی سی سی سکریٹری انچارج تلنگانہ ندیم جاوید، اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، رکن اسمبلی سیتکا، صدرنشین میناریٹیز ڈپارٹمنٹ شیخ عبداللہ سہیل، صدر حیدرآباد ضلع کانگریس کمیٹی سمیر ولی اللہ، صدر خیریت آباد ضلع کانگریس کمیٹی روہن ریڈی، کارپوریٹر وجیہ ریڈی، انجن کمار یادو، ڈاکٹر جی چنا ریڈی، ڈاکٹر ملو روی، فیروز خاں، عظمیٰ شاکر، راشد خاں، انیل کمار یادو اور دیگر قائدین نے احتجاج میں حصہ لیا۔ گاندھی بھون سے کانگریس کارکن ریلی کی شکل میں راج بھون کیلئے روانہ ہوئے جس میں مہیلا کانگریس، یوتھ کانگریس، این ایس یو آئی کے کارکنوں نے حصہ لیا۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی گجرات سے تعلق رکھنے والے اڈانی کا تحفظ کررہے ہیں جن کے ادارے مالیاتی اسکام میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اڈانی کمپنیوں میں حصہ داری کے ذریعہ ایل آئی سی اور ایس بی آئی کو غیر مستحکم کیا جارہا ہے۔ ملک کے منافع بخش سرکاری اداروں کو مودی حکومت کارپوریٹ شعبہ کے حوالے کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی برسراقتدار آنے کے بعد ملک کے عوامی شعبہ کے اداروں کو بھاری نقصان ہوا ہے۔ ہنڈن برگ کی رپورٹ نے دنیا بھر کو چونکا دیا ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ اڈانی معاملات پر مودی کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو حقائق سے واقف کرانے کیلئے’ چلو راج بھون‘ احتجاج منظم کیا گیا جو کامیاب رہا۔ کانگریس پارٹی اڈانی گروپ کی بے قاعدگیوں کو مودی حکومت کی تائید کیخلاف ملک گیر سطح پر احتجاج جاری رکھے گی۔ر