کانگریس کی جانب سے عوام کو سینیٹائزرس کی مفت سربراہی

   

ریاستی وزراء راجندر اور کے ٹی آر سے بھٹی وکرامارکا کی بات چیت
حیدرآباد۔ 26 مارچ (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ وائرس سے نمٹنے کے لیے شہر اور اضلاع میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کی جانب سے سینیٹائزرس مفت تقسیم کئے جائیں گے۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ صحت و صفائی اور احتیاطی اقدامات کے ذریعہ وائرس سے بچائو ممکن ہے۔ لہٰذا ہر شخص کو وقفے وقفے سے صابن اور سینیٹائزر سے ہاتھ دھونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کو مختلف اضلاع سے شکایت ملی ہے کہ سینیٹائزرس کی قلت ہے۔ اس کے نتیجہ میں دیہی علاقوں کے عوام دشواریوں کا شکار ہیں۔ کانگریس نے سینیٹائزرس تیار کرنے والی فارما کمپنیوں سے بات چیت کرتے ہوئے عوام کو فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق رکن اسمبلی کے ایل رائو کو اس کی ذمہ داری دی گئی اور انہوں نے بعض کمپنیوں سے بات چیت بھی کی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے بتایا کہ سینیٹائزر کی تیاری کے بعد اسے پلاسٹک کی بوتلوں میں محفوظ کرنا ضروری ہے لیکن پلاسٹک بوتل تیار کرنے والی کمپنیوں میں کام بند ہے جس کے سبب سینیٹائزر سربراہ نہیں کئے جاسکتے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں وزیر صحت ای راجندر اور وزیر بھاری مصنوعات کے ٹی راما رائو سے بات چیت کی اور پلاسٹک بوتل تیار کرنے والی کمپنیوں کو اجازت دینے کی اپیل کی۔ وزراء نے پلاسٹک کمپنیوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرنے سے اتفاق کرلیا ہے۔ امید کی جارہی ہے کہ حکومت کی اجازت حاصل کرتے ہوئے کمپنیاں پلاسٹک بوتلیں تیار کریں گی جس کے بعد سی ایل پی عوام کو مفت سربراہ کرے گی۔ بھٹی وکرامارکا نے عوام سے اپیل کی کہ وہ وائرس کے سلسلہ میں خوف کا شکار نہ ہو بلکہ پوری ہمت اور حوصلہ کے ساتھ صحت و صفائی پر توجہ دیتے ہوئے وائرس کے پھیلائو کو روکیں۔ انہوں نے حکومت کی پابندیوں پر سختی سے عمل آوری کا مشورہ دیا۔