مندوبین کے اجلاس میں قرارداد کی منظوری، عاملہ کی تشکیل اور پی سی سی اور اے آئی سی سی ارکان کے تقرر کا سونیا گاندھی کو اختیار
حیدرآباد۔/21 ستمبر، ( سیاست نیوز) آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی صدارت کیلئے راہول گاندھی کے نام کی تائید کی مہم میں اضافہ ہورہا ہے۔ 6 مختلف ریاستوں کی پردیش کانگریس کمیٹیوں کی طرح آج تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے مندوبین نے راہول گاندھی کو متفقہ طور پر اے آئی سی سی کا صدر مقرر کئے جانے کی تائید کرتے ہوئے قرارداد منظور کی ہے۔ حیدرآباد کے ریڈ روز گارڈن میں مندوبین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر پردیش کانگریس اور رکن پارلیمنٹ ریونت ریڈی نے سیاسی قرارداد پیش کرتے ہوئے اے آئی سی سی کی صدارت کیلئے راہول گاندھی کے نام کی تائید کی۔قرارداد میں راہول گاندھی سے درخواست کی گئی کہ وہ ملک کی موجودہ صورتحال میں پارٹی کی صدارت کی ذمہ داری قبول کریں۔ سابق رکن کونسل راملو نائیک، رکن کونسل جیون ریڈی اور قانون ساز کونسل میں سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر نے قرارداد کی تائید کی۔ پردیش کانگریس کی ورکنگ پریسیڈنٹ گیتا ریڈی کے علاوہ تشہیری کمیٹی کے صدرنشین مدھو یاشکی گوڑ، الیکشن مینجمنٹ کمیٹی کے صدرنشین دامودھر راج نرسمہا، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور مہیش کمار گوڑ نے بھی قرارداد کی تائید کی۔ اجلاس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے دوسری قرار داد پیش کی جس میں صدر کانگریس سونیا گاندھی کو پردیش کانگریس کمیٹی کی عاملہ، پردیش کانگریس کے مندوبین اور اے آئی سی سی مندوبین کے تقرر کا اختیار دیا گیا ہے۔ سونیا گاندھی سے اپیل کی گئی کہ وہ اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے عاملہ اور مندوبین کا تقرر کریں۔ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، سابق صدرپردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، اے آئی سی سی سکریٹری اور رکن اسمبلی سریدھر بابو اور وی ہنمنت راؤ نے قرارداد کی تائید کی۔ مندوبین کے اجلاس میں پردیش کے ریٹرننگ آفیسر راج موہن انیتن ایم پی اور اسسٹنٹ پردیش ریٹرننگ آفیسر راجہ بھاگیل نے خصوصی طور پر شرکت کرتے ہوئے اجلاس کی نگرانی کی۔ مندوبین کے اجلاس میں پارٹی کے تمام سینئر قائدین شریک رہے جن میں ریونت ریڈی، بھٹی وکرامارکا، اتم کمار ریڈی، جیون ریڈی، سریدھر بابو، ٹی ویریا، مہیش کمار گوڑ، گیتا ریڈی، انجن کمار یادو، مدھو یاشکی گوڑ، مہیشور ریڈی، سمپت کمار، بوس راجو، ندیم جاوید، روہت چودھری، جی چنا ریڈی، دامودھر راج نرسمہا، پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ، بلرام نائیک، سدرشن ریڈی، پونم پربھاکر، محمد علی شبیر، ایچ وینو گوپال، رینوکا چودھری، اے چندر شیکھر، آر دامودر ریڈی، مال ریڈی رنگاریڈی اور دوسرے شامل ہیں۔ر