کانگریس کی مزید 2 ضمانتوں پر آج سے عمل

   

چیف منسٹر ریونت ریڈی آغاز کریں گے ۔ پرینکا گاندھی کا دورہ منسوخ
حیدرآباد۔26فروری(سیاست نیوز) ریاست میں کانگریس کی معلنہ 6 ضمانتوں میں مزید 2 ضمانتوں پر عمل آوری کا 27 فروری کو چیف منسٹر ریونت ریڈی آغاز کریں گے۔ ریاستی حکومت نے اس پروگرام کیلئے کانگریس قائد پرینکا گاندھی کو خصوصی طور پر مدعو کیا تھا اور ان کی آمد کی توثیق بھی ہوگئی تھی لیکن آج دن میں پتہ چلا کہ پرینکا گاندھی چیوڑلہ میں ہونے والے اس پروگرام میں شرکت نہیں کریں گی ۔ حکومت کی جانب سے کہاگیا ہے کہ ناگزیر وجوہات کی بناء پر پرینکا گاندھی کا دورۂ تلنگانہ منسوخ ہوچکا ہے اسی لئے 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر اور 200 یونٹ مفت برقی کی اسکیم کا چیف منسٹر ریونت ریڈی کے ہاتھو ں افتتاح انجام دیا جائے گا۔ ریاستی حکومت کی جانب سے سابق میں دو ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا جاچکا ہے جن میں خواتین کے لئے مفت بس خدمات اور آروگیہ شری اسکیم کے تحت 5لاکھ تک کے علاج کی حد میں اضافہ کرتے ہوئے اسے 10لاکھ کرنے کا فیصلہ شامل ہے۔3