کانگریس کے برخلاف بی جے پی میں تنظیمی ڈھانچہ موجود : جاوڈیکر

   

بڑی اور قدیم جماعت کا نیا ڈرامہ، راہول گاندھی کے استعفیٰ پر مختارعباس نقوی کا ردعمل
نئی دہلی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس کی صدارت سے راہول گاندھی کے آج رسمی استعفیٰ کے فوری بعد مرکزی وزیر پرکاش جاوڈیکر نے کہا کہ کانگریس کے برخلاف بی جے پی میں پہلے سے تنظیمی ڈھانچہ موجود ہے۔ کابینہ اجلاس کی بریفنگ کے بعد راہول گاندھی کے استعفیٰ سے متعلق صحیفہ نگاروں کے سوال پر جاوڈیکر نے جواب دیا کہ ’’بی جے پی میں (تنظیمی) انتخابات اور رکنیت سازی کا نظام الاوقات پہلے ہی سے موجود ہے جو اپنا کام شروع کرچکا ہے۔ ہمارے پاس کارگذار صدر بھی ہیں۔ اگر کسی دوسری جماعت میں ایسا سب کچھ نہیں ہوتا ہے تو میں کیا کرسکتا ہوں‘‘۔ اس استعفیٰ پر تبصرہ کی خواہش پر ایک اور مرکزی وزیر نریندر سنگھ تومر نے جواب دیا کہ ’’دوسری پارٹی کا شکریہ ادا کرسکتے ہیں‘‘۔ وزیراقلیتی امور مختارعباس نقوی نے اس استعفے کو بڑی اور قدیم جماعت کا ایک نیا ڈرامہ قرار دیا اور کہا کہ ’’ہمیں اس سے کوئی سروکار نہیں ہے‘‘۔