کانگریس کے ضلع اور سٹی کانگریس صدور کا آج گاندھی بھون میں اجلاس

   

لوک سبھا چناؤ کی تیاریوں کا جائزہ
حیدرآباد ۔ 15 ۔ فروری(سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں تیزی پیدا کرتے ہوئے کل ضلع کانگریس اور سٹی کانگریس صدور کا اجلاس طلب کیا ہے۔ تلنگانہ امور کی انچارج دیپا داس منشی کی صدارت میں گاندھی بھون میں 16 فروری کو 11 بجے دن اجلاس منعقد ہوگا جس میں لوک سبھا کی 17 نشستوں پر کامیابی کیلئے حکمت عملی طئے کی جائے گی۔ دیپا داس منشی نے ضلع کانگریس اور سٹی کانگریس کمیٹیوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مارچ میں ہونے والے انتخابات کے لئے پولنگ بوتھس کی سطح پر کانگریس کو ابھی سے متحرک کیا جاسکے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق کانگریس نے 14 لوک سبھا حلقوں میں کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے۔ مختلف میڈیا اداروں میں حال ہی میں تلنگانہ کے بارے میں جو اوپنین پول جاری کیا ہے ، اس کے مطابق کانگریس کو 10 نشستوں پر کامیابی ملے گی۔ بی آر ایس اور بی جے پی کو نقصان کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ کانگریس نے حکومت کی جانب سے 6 ضمانتوں پر عمل آوری کی بڑے پیمانہ پر تشہیر کے ذریعہ لوک سبھا کی 14 نشستوں پر کامیابی کی تیاری شروع کردی ہے ۔ دیپا داس منشی لوک سبھا امیدواروں کے مسئلہ پر سینئر قائدین سے مشاورت کر رہی ہے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی مارچ میں اضلاع کے دوروں کا آغاز کریں گے جو لوک سبھا چناؤ کیلئے پارٹی کی انتخابی مہم کا آغاز ہوگا۔ 1