کانگریس کے ملوبھٹی وکرامارکا اپوزیشن لیڈر مقرر

   

حیدرآباد۔ 20 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ملوبھٹی وکرامارکا کو تلنگانہ میں آج اپوزیشن لیڈر کی حیثیت سے تسلیم کرلیا گیا۔ اسپیکر پی سرینواس ریڈی اس ضمن میں آج ایوان میں یہ اعلان کیا۔ اے آئی سی سی کے صدر راہول گاندھی نے جمعہ کے روز وکرامارکا کو کانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کا لیڈر مقرر کیا تھا جس سے ایک دن قبل کانگریس کے تمام ارکان پارلیمنٹ کونسل و اسمبلی نے سی ایل پی لیڈر کے بارے میں فیصلہ کا اختیار راہول گاندھی کو سونپ دیا تھا۔ 119 رکن اسمبلی کیلئے 7 ڈسمبر کو منعقدہ انتخابات میں ٹی آر ایس 88 نشستوں پر کامیابی کے ساتھ دوبارہ برسراقتدار آئی تھی اور 19 ارکان کے ساتھ کانگریس اصل اپوزیشن پارٹی کی حیثیت سے ابھری ہے۔ وکرامارکا کا 2009ء سے کھمم کے حلقہ مدھیرا (درج فہرست قبائل) سے منتخب ہوتے رہے ہیں۔ قبل ازیں غیرمنقسم آندھرا پردیش میں ڈپٹی اسپیکر اور ایوان میں کانگریس کے چیف وہپ بھی رہ چکے ہیں۔