سی بی آئی سے تحقیقات کامطالبہ ، ریونت ریڈی اور بھٹی وکرمارکا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔6۔ جنوری (سیاست نیوز) تلنگانہ میں بی جے پی کی جانب سے بی آر ایس ارکان اسمبلی کی خریدی معاملہ کے دوران کانگریس نے پارٹی سے انحراف کرنے والے 12 ارکان اسمبلی کے خلاف معین آباد پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے۔ کانگریس نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے مختلف لالچ دے کر کانگریس کے ارکان اسمبلی کو انحراف پر مجبور کیا ، لہذا سی بی آئی کو بی آر ایس کے ارکان اسمبلی کے ساتھ کانگریس ارکان اسمبلی کے انحراف کی جانچ کرنی چاہئے ۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا اور دیگر قائدین کے ہمراہ معین آباد پولیس اسٹیشن پہنچ کر تحریری شکایت درج کرائی ۔ قبل ازیں سی ایل پی آفس میں پارٹی قائدین کا اجلاس منعقد ہوا جس میں منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف شکایت درج کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اجلاس میں ریونت ریڈی ، بھٹی وکرمارکا ، مہیش کمار گوڑ، سمپت کمار ، جی پرساد ، ملو روی ، مال ریڈی رنگا ریڈی ، سی ایچ کرن ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ وہاں سے کانگریس کانگریس قائدین معین آباد پولیس اسٹیشن پہنچے۔ جن منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف شکایت درج کرائی گئی ، ان میں بی ہری پریا، سبیتا اندرا ریڈی ، کے اوپیندر ریڈی، ڈی سدھیر ریڈی ، آر کانتا راؤ ، اے سکو ، سی ایچ لنگیا ، وی وینکٹیشور راؤ ، بی ہرشوردھن ریڈی جے سریندر ، جی وینکٹ رمنا ریڈی اور روہت ریڈی شامل ہیں۔ شکایت میں کہا گیا ہے کہ 2019 ء میں وزارت میں شمولیت ، اہم عہدوں اور مالیاتی فائدے کے تحت ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی گئی ۔ شکایت میں کہا گیا کہ منحرف ارکان چیف منسٹر کے سی آر سے ربط میں تھے ۔ کانگریس پارٹی نے سی بی آئی میں توسیع اور کانگریس ارکان اسمبلی کے انحراف معاملہ کو تحقیقاتی دائرہ میں شامل کرنے کی مانگ کی۔ بعد میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی اور بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ اس معاملہ میں ڈائرکٹر جنرل پولیس ، انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ اور سی بی آئی سے علحدہ شکایت کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر تحقیقاتی ایجنسیاں کارروائی نہ کریں تو کانگریس ہائی کورٹ سے رجوع ہوگی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی اور کانگریس ارکان کے انحراف کے پس پردہ سازش کو بے نقاب کرے گی۔ 2018 ء میں ٹی آر ایس کو 88 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوئی تھی۔ واضح اکثریت کے باوجود کے سی آر نے کانگریس کے 12 ارکان اسمبلی کو انحراف کی ترغیب دی۔ر