کانگریس کے نئے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے کی آج حیدرآباد آمد

   

حیدرآباد۔/10 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کیلئے کانگریس پارٹی کے نئے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے دو روزہ دورہ پر کل 11 جنوری کو حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ مانک راؤ ٹھاکرے صبح کی فلائیٹ سے نئی دہلی سے 9:25 بجے حیدرآباد پہنچیں گے اور وہاں سے سیدھے گاندھی بھون آئیں گے۔ صبح 10:30 تا 11:30 مانک راؤ ٹھاکرے اے آئی سی سی سکریٹریز سے ملاقات کریں گے۔ 11:30 تا 12 بجے دن صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی سے ان کی ملاقات ہوگی۔ 12 بجے تا 12:30 بجے سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا سے ملاقات کریں گے۔ 12:30 تا 2 بجے دن وہ سینئر قائدین اور ورکنگ پریسیڈنٹس سے انفرادی طور پر ملاقات کریں گے۔ سہ پہر 3 تا 4 بجے پولٹیکل افیرس کمیٹی کے ارکان سے مانک راؤ ٹھاکرے کی ملاقات ہوگی۔ شام 4 تا 5 بجے وہ ایگزیکیٹو کمیٹی میں شامل قائدین کو ملاقات کا وقت دیں گے۔ شام 5 تا 6 بجے پردیش کانگریس کمیٹی کے عہدیداروں سے ملاقات کریں گے۔ رات میں حیدرآباد میں قیام کے بعد 12 جنوری کو صبح 10:30 بجے سے ملاقاتوں کا آغاز ہوگا اور پہلے مرحلہ میں ضلع کانگریس صدور سے ملاقات کریں گے۔ بعد میں محاذی تنظیموں کے صدور اور مختلف سیل ڈپارٹمنٹس کے قائدین سے ملاقات ہوگی۔ مانک راؤ ٹھاکرے شام میں نئی دہلی واپس ہوجائیں گے۔ واضح رہے کہ کانگریس اعلیٰ کمان نے تلنگانہ قائدین میں اختلافات کی یکسوئی کیلئے 4 جنوری کو مانکیم ٹیگور کی جگہ مانک راؤ ٹھاکرے کو تلنگانہ کا انچارج مقرر کیا۔ ریونت ریڈی کے مخالف قائدین نے مانکیم ٹیگور پر سنگین الزامات عائد کئے تھے۔
ہائی کمان نے مانکیم ٹیگور کو گوا کا انچارج مقرر کیا ہے۔ دیکھنا یہ ہے کہ مانک راؤ ٹھاکرے تلنگانہ میں دو روزہ قیام کے دوران پارٹی قائدین کے اختلافات ختم کرنے میں کس حد تک کامیاب ہوں گے۔ر