25 لاکھ مکانات تعمیر کرنے کا نشانہ، 9ڈسمبر کو مجسمہ تلنگانہ تلی کی نقاب کشائی، آر ٹی اے کے نئے لوگو کا رسم اجراء، چیف منسٹر، وزراء اور عامر علی خان کی شرکت
حیدرآباد۔5۔ ڈسمبر ۔(سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر اے ریونت ریڈی نے آج دونوں شہروں میں منعقدہ مختلف محکمہ جات کے پروگرامس میں شرکت کے دوران اپنے خطاب میں کہا کہ ریاستی حکومت سماج کے ہر طبقہ کی ترقی کے لئے اقدامات کو یقینی بنا رہی ہے ۔ انہو ںنے حکومت کی جانب سے ایک سال کے دوران انجام دی جانے والی خدمات کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس نے تلنگانہ میں اقتدار حاصل کرنے سے قبل جو وعدے کئے تھے ان پر عمل آوری کو یقینی بنایا جارہا ہے۔ سیکریٹریٹ میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے وزارت مال و امکنہ کی جانب سے تیار کردہ اندراماں اندلو سروے ایپ کا افتتاح انجام دیا۔اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ نے 5سال کے دوران 25لاکھ اندراماں اندلو کی تعمیر کا نشانہ رکھا ہوا ہے اور اس نشانہ کی تکمیل کے ذریعہ حکومت ریاست کے غریبوں سے کئے گئے وعدہ کو پورا کرے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 10 سال کے دوران کے سی آر نے اپنے فارم ہاؤز اور پارٹی دفاتر کی تعمیر پر توجہ مرکوز کی جبکہ 33 اضلاع میں حکومت کی جانب سے کسی بھی امکنہ اسکیم پر عمل آوری نہیں کی گئی اور بے گھر عوام کو مکانات کی فراہمی کے معاملہ میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی ۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں کانگریس کے اقتدار میں آنے سے قبل کانگریس نے اندراماں اندلو اسکیم کا اعلان کیا تھا جس کے تحت بے گھر غریب شہریوں کو مکانات کی فراہمی کے اقدامات کا فیصلہ کیاگیا ہے۔انہو ںنے بتایا کہ اس سلسلہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے ایپ متعارف کروایا جارہا ہے تاکہ درخواست گذار اندراماں اندلو کے تحت داخل کی جانے والی درخواستوں کی تنقیح کرتے ہوئے ان کی درخواستوں کے موقف کے متعلق تفصیلات حاصل کرسکیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے اقتدار حاصل کرتے ہی خواتین کے لئے مفت بس خدمات کا آغاز کیا جبکہ آروگیہ شری کی رقم کو اضافہ کرنے کے وعدہ پر فوری عمل آوری کرتے ہوئے علاج کی حد کو 10 لاکھ روپئے تک کرنے کے اقدامات کئے گئے ۔ انہو ں نے بتایا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں ریاست بھر میں 60تا65 ہزار مکانات کی تعمیر عمل میں لائی گئی جبکہ کانگریس نے اپنی پہلی معیاد میں 25لاکھ مکانات کی تعمیر کا نشانہ رکھا ہے اور اس اسکیم پر عمل آوری کا آغاز کیا جاچکا ہے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے سیکریٹریٹ میں 9 ڈسمبر کو ’تلنگانہ تلی مجسمہ ‘ کی نقاب کشائی تقریب عمل میں لائی جائے گی اور اس تقریب میں سابق چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو بھی سرکاری طور پر مدعو کیا جائے گا۔ انہو ںنے آج سیکریٹریٹ کے احاطہ میں ریاستی حکومت کی جانب سے نصب کئے جانے والے ’تلنگانہ تلی مجسمہ ‘ کی جگہ کا معائنہ کیا اور 9 ڈسمبر کے پروگرام کے سلسلہ میں جاری تیاریوں کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو مختلف ہدایات جاری کیں۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ریاستی حکومت نے تلنگانہ میں عوام کی ترقی اور فلاح و بہبود کے لئے جو منصوبہ تیار کیا ہے اس پر عمل آوری کے بعد ریاست کی نئی صورت گری ہوگی۔ انہو ںنے بتایا کہ 10 سال کے دوران کے سی آر حکومت نے تلنگانہ کوقرض میں مبتلاء ریاست بنادیا ہے جبکہ جس وقت نئی ریاست تلنگانہ تشکیل دی گئی تھی اس وقت ریاست تلنگانہ 16ہزارکروڑ کا فاضل بجٹ تھا لیکن 10 برس کے دوران 7 لاکھ کروڑ کا قرض حاصل کیاہے۔چیف منسٹر نے ریاست کی معاشی صورتحال کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت تلنگانہ کی معاشی بدحالی کے باوجود عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کی کوشش میں مصروف ہے اور تلنگانہ میں ایک کروڑ خواتین کو کروڑ پتی بنانے کے نشانہ پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے ’تلنگانہ تلی مجسمہ ‘ کی نقاب کشائی میں سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کو مدعو کرنے کے لئے وزیر مسٹر پونم پربھاکر خود جائیں گے اور انہیں اس پروگرام میں شرکت کا دعوت نامہ حوالہ کریں گے۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ان پروگرامس کے دوران ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر ملو بھٹی وکرمارک‘ ریاستی وزراء مسٹر پی سرینواس ریڈی ‘ جوپلی کرشنا راؤ‘ مشیر برائے ریاستی حکومت ڈاکٹر کے ۔کیشو راؤ‘ مشیر برائے چیف منسٹر مسٹر ویم نریندر ریڈی ‘ مشیر برائے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی طبقات جناب محمد علی شبیر ‘ چیف سیکریٹری تلنگانہ محترمہ شانتی کماری ‘ صدر پردیش کانگریس مسٹر مہیش کمار گوڑ کے علاوہ دیگر قائدین موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے بعد ازاں نکلس روڈ پر منعقدہ محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ کی جانب سے منعقدہ پروگرام سے خطاب کے دوران کہا کہ آئندہ دو برسوں میں آرٹی سی کی 3000 ڈیزل بسوں کو الکٹرک بسوں میں تبدیل کیا جائے گا اور ڈیزل بسوں کو آؤٹر رنگ روڈ کے باہر کردیا جائے گا تاکہ شہر حیدرآباد میں ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ کیا جاسکے ۔انہو ںنے اس تقریب کے دوران محکمہ روڈ ٹرانسپورٹ اتھاریٹی کے نئے لوگو کا رسم اجراء انجام دیا۔اس پروگرام کے دوران چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزیر مسٹر پونم پربھاکر ‘ ارکان قانون ساز کونسل جناب عامر علی خان‘ جناب مرزارحمت بیگ‘ مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد محترمہ جی وجیہ لکشمی کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ چیف منسٹر نے اس تقریب سے خطاب کے دوران کہا کہ حکومت کی جانب سے خواتین کے لئے مفت بس کی سہولت کے اقدامات نے آرٹی سی کو دوبارہ نئی زندگی فراہم کی ہے۔( سلسلہ صفحہ 7 )