کانگریس کے کارناموں سے عوام کو واقف کروائیں

   

جیورگی ضلع گلبرگہ میں انتخابی مہم کے دوران کارکنوں سے امیدوار رادھا کرشن کا خطاب

گلبرگہ /31 مارچ : (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جمعہ کے دن جیورگی ضلع گلبرگہ میں حلقہ پارلیمنٹ گلبرگہ کے کانگریسی امیدوار مسٹر رادھا کرشنا دوڈ منی نے اپنی تقریر میں اس بات پر زور دیا کہ کانگریس پارٹی کے کارکنان اور قائیدین کو ووٹنگ بوتھ کی سطح پر عوام سے ملاقاتیں کرکے کانگریس پارٹی کی حکومت کی جانب سے عوامی مفاد میں کئے گئے کئی ایک اقدامات سے لوگوں کو واقف کروانا ہوگا ۔صدر آل انڈیا کانگریس کمیٹی مسٹر ملیکارجن کھرگے کے دامادمسٹر رادھا کرشنا دوڈ منی نے جیورگی میں اپنی انتخابی مہم کی پہلی انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے رائے دہندگان سے درخواست کی کہ وہ ان کی تائید کریں اور ووٹوں کی کثیر تعدادکے ذریعہ ان کی کامیابی کو یقینی بنائیں جس طرح سے انھوں نے سابق میںدھرم سنگھ آنجہانی اور بعد میں ان کے فرزند ڈاکٹر اجئے سنگھ کو کامیاب کروایا تھا ۔ پریانک کھرگے نے کہا کہ کانگریس نے گزشتہ سال کرناٹک اسمبلی انتخابات کے دوران اعلان کیا تھا کہ ریاست میں اقتدار حاصل ہونے پر وہ پانچ گیارنٹیوں کو نافذ کریگی ۔ اس طرح اقتدار حاصل ہوتے ہی کانگریس نے اپنا وعدہ پورا کیا ۔آج کرناٹک کے بہت سے عوام ان میں سے کسی نہ کسی گیارنٹی سے مستفید ہوتے جارہے ہیں ۔ پریانک کھرگے نے رائے دہندگان سے اپیل کی کہ وہ اس بار رادھا کرشنا کو منتخب کروائیں تاکہ ملیکارجن کھرگے راجیہ سبھا میں رہ سکیں اور رادھا کرشنا دوڈ منی لوک سبھا میں رہ سکیں ۔ پھر وہ خود اور ڈاکٹر اجئے سنگھ کرناٹک اسمبلی میں رہ سکیں تاکہ گلبرگہ ضلع کے عوام کی ہر ممکنہ خدمت انجام دی جاتی رہیں۔ کلیان کرناٹک ترقیاتی بورڈ کے صدر نشین اور جیورگی کے رکن اسمبلی ڈاکٹراجئے سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ رادھا کرشنا نے اپنی انتخابی مہم جیورگی سے شروع کی ہے اور وہ کامیاب ہوجائیں گے کیوں کہ جیورگی میںکانگریس نہایت مقبول ہے۔ اوریہ کانگریس کا ایک مضبوط قلعہ ہے۔ وزیر میڈیکل ایجوکیشن کرناٹک ڈاکٹر شرن پرکاش پاٹل نے اپنی تقریر میں کہا کہ کہ کانگریس پارٹی کو انتخابات میں یقیناً کامیابی حاصل ہوسکے گی کیوں کہ عوام بشمول بی جے پی کارکنان خود بی جے پی کے امیدوارڈاکٹر جادھو کی مخالفت کررہے ہیں اور الزام عائد کرتے ہوئے کہہ رہے ہیں کہ انھوں نے اس حلقہ کے لئے کوئی خدمات انجام نہیں دی ہیں۔ اس جلسہ سے ریاستی وزیر شرن بسپا درشنا پور اور سابق وزیر بابو رائو چن چنسور نے بھی خطاب کیا ۔