کانگریس کے 12 منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف ڈی جی پی سے نمائندگی

   


سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ، ریونت ریڈی کی قیادت میں یادداشت پیش
حیدرآباد۔9۔ جنوری (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی قیادت میں کانگریس قائدین کے وفد نے ڈائرکٹر جنرل پولیس انجنی کمار سے ملاقات کی اور کانگریس کے 12 منحرف ارکان کی تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کرنے کی درخواست کی۔ 2018 ء اسمبلی انتخابات کے بعد 12 ارکان اسمبلی نے جو کانگریس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے، بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی تھی ۔ جن ارکان اسمبلی کے خلاف کانگریس نے پولیس میں شکایت درج کی ، ان میں بی ہری پریا ، سبیتا اندرا ریڈی ، کے اوپیندر ریڈی ، سدھیر ریڈی ، کانتا راؤ ، اے سکو ، سی ایچ لنگیا ، وی وینکٹیشور راؤ ، بی ہرشوردھن ریڈی ، جے سریندر ، وینکٹ رمنا ریڈی اور روہت ریڈی شامل ہیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سینئر قائدین ناگم جناردھن ریڈی ، سمپت کمار ، ای انیل ، انیل کمار یادو اور دوسروں کے ہمراہ ڈائرکٹر جنرل پولیس کو یادداشت حوالے کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ہائی کورٹ نے بی آر ایس ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کی جانچ سی بی آئی کے حوالے کی ہے۔ 2014 ء اور 2018 ء اسمبلی انتخابات کے بعد کانگریس کے کئی ارکان اسمبلی کو انحراف کی ترغیب دی گئی۔ چیف منسٹر کے سی آر اس کارروائی میں راست طور پر ملوث ہیں۔ اب جبکہ بی آر ایس ارکان اسمبلی خریدی معاملہ کی جانچ ہورہی ہے ، ایسے میں کانگریس سے منحرف ارکان کے خلاف بھی تحقیقات کی جائیں۔ بی آر ایس کے جن 4 ارکان اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی گئی ، ان میں 3 کا تعلق کانگریس سے ہے جو 2018 ء کے بعد منحرف ہوئے تھے۔ ڈی جی پی سے ملاقات کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ ہائیکورٹ کے احکامات کے مطابق سی بی آئی سے جانچ ہونی چاہئے۔ ڈی جی پی سے درخواست کی گئی کہ وہ تحقیقات سی بی آئی کے حوالے کرنے کے اقدامات کریں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چیف سکریٹری نے کانگریس قائدین کو ملاقات کا وقت نہیں دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انحراف کی حوصلہ افزائی میں چیف سکریٹری سومیش کمار نے حکومت کی مدد کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ سنکرانتی کے بعد 12 منحرف ارکان کے اسمبلی حلقہ جات میں کانگریس پارٹی احتجاج منظم کرے گی۔ ناگر کرنول میں کانگریس قائدین پر حملہ کے خلاف 17 جنوری کو دلت گریجنا آتما گوراوا سبھا کا اہتمام کیا جائے گا ۔ انہوں نے ناگر کرنول میں کانگریس قائدین پر حملہ کے ذمہ داروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ر