سریش شیٹکر ظہیرآباد اور سنیتا مہیندر ریڈی چیوڑلہ سے امیدوار، جانا ریڈی کے فرزند کو نلگنڈہ سے ٹکٹ، باقی نشستوں پر عنقریب فیصلہ، علی مسقطی کا نام حیدرآباد سے زیر غور
حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس ہائی کمان نے لوک سبھا انتخابات کیلئے پارٹی امیدواروں کی پہلی فہرست جاری کردی ہے جس میں 39 امیدواروں کے نام شامل ہیں جن کا تعلق چھتیس گڑھ، کرناٹک، کیرالا، تلنگانہ، میگھالیہ، ناگالینڈ، سکم اور تریپورہ سے ہے۔ کانگریس کی پہلی فہرست میں راہول گاندھی کے نام کا اعلان کیا گیا جو کیرالا کے وائیناڈ لوک سبھا حلقہ سے دوسری مرتبہ مقابلہ کریں گے۔ تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں پہلی فہرست میں 5 حلقہ جات کیلئے امیدواروں کا اعلان کیا گیا ہے۔ ظہیرآباد حلقہ سے سریش کمار شیٹکار، چیوڑلہ سے شریمتی سنیتا مہیندرریڈی، نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے کے رگھوویر ریڈی اور محبوب آباد ایس ٹی لوک سبھا حلقہ سے سابق مرکزی وزیر پی بلرام نائیک کے نام کا اعلان کیا گیا۔ سریش کمار شیٹکر سابق میں ظہیرآباد لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرچکے ہیں۔ چیوڑلہ سے سابق وزیر پی مہیندر ریڈی کی اہلیہ سنیتا مہیندر ریڈی کو ٹکٹ دیا گیا جنہوں نے حال ہی میں بی آر ایس سے کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔ نلگنڈہ لوک سبھا حلقہ سے سینئر قائد کے جانا ریڈی کے فرزند کے رگھوویر ریڈی کو پارٹی نے امیدوار بنایا ہے۔ واضح رہے کہ پارٹی نے محبوب نگر لوک سبھا حلقہ سے ومشی چند ریڈی کے نام کا پہلے ہی اعلان کردیا ہے۔ 17 میں پانچ حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا گیا اور توقع ہے کہ آئندہ دو دنوں میں دوسری فہرست جاری کی جائے گی۔ نئی دہلی میں کل رات اور آج صبح پارٹی کی سنٹرل الیکشن کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں صدر کانگریس ملکارجن کھرگے، سابق صدر سونیا گاندھی، کے سی وینوگوپال اور دیگر قائدین شریک تھے۔ تلنگانہ سے چیف منسٹر ریونت ریڈی، ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ، ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی اور تلنگانہ کی انچارج دیپا داس منشی نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے امیدواروں کے نام پیش کئے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہائی کمان نے فیصلہ کیا ہے کہ تلنگانہ کے امیدواروں کا تین مراحل میں اعلان کیا جائے گا۔ پہلے مرحلہ میں ایسے حلقوں کے نام جاری کئے گئے جہاں کوئی اختلاف نہیں ہے۔ اطلاعات کے مطابق ریونت ریڈی نے تمام 17 حلقوں کیلئے نام پیش کئے جن میں سے 10 حلقہ جات کے ناموں پر اتفاق رائے ہوا ہے۔ اجلاس میں سینئر قائدین جئے رام رمیش، ادھیر رنجن چودھری، امبیکا سونی، مکل واسنک، ٹی ایم سنگھ دیو اور دوسروں نے شرکت کی۔ کرناٹک کے ڈپٹی چیف منسٹر ڈی کے شیو کمار جو اسمبلی چناؤ میں تلنگانہ کے مبصر رہ چکے ہیں پارٹی نے ان کی رائے بھی حاصل کی ہے۔ اسی دوران کانگریس ذرائع کے مطابق جن دوسرے لوک سبھا حلقہ جات کیلئے امیدواروں کے ناموں پر غور کیا گیا ان میں جیون ریڈی ( نظام آباد)، جی ومشی کرشنا ( پدا پلی )، بی رام موہن یا ان کی اہلیہ ( سکندرآباد) ، چندر شیکھر ( ملکاجگیری)، نیلم مدھو یا مینم پلی ہنمنت راؤ ( میدک )، پراوین ریڈی ( کریم نگر ) ، سی ایچ کرن کمار ریڈی ( بھونگیر )، علی مسقطی ( حیدرآباد)، ڈی سامبیا ( ورنگل ) اور ملوروی یا سمپت کمار ( ناگر کرنول ) شامل ہیں۔ حیدرآباد لوک سبھا حلقہ کیلئے اگرچہ کئی قائدین نے اپنی دعویداری پیش کی ہے لیکن کانگریس ہائی کمان کی ترجیح علی بن ابراہیم مسقطی ہیں جو مجلس کو سخت مقابلہ دے سکتے ہیں۔1