نئی دہلی، 15 اگست (یواین آئی) عام آدمی پارٹی کے کنوینر اور سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کرتے ہوئے انہیںگھبرایا ہوا وزیراعظم قرار دیا ہے ۔کیجریوال نے لال قلعہ کی فصیل سے وزیراعظم کے خطاب کی ایک کلپ سوشل میڈیا پر شیئر کرکے وزیراعظم مودی کو اعتماد کی کمی کا شکار، گھبرایا ہوا اور غیر مستحکم وزیراعظم قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ جین زی کے بعد اب جین الفا نے بھی آواز اٹھانا شروع کردی ہے ۔ ملک بھر میں چھوٹے بچے اپنے اسکولوں کی حالت بہتر بنانے احتجاج کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیرپور میں بچوں نے اپنے اسکول کے سامنے سڑک تعمیر کرانے دھرنا شروع کیا ہے ، دہرادون میں بچے اپنے حقوق کیلئے آواز اٹھا رہے ہیں، جبکہ باڑمیر میں بچے استاد کے تقرر کیلئے جدوجہد کررہے ہیں۔ کجریوال نے کہا کہ آزادی کے 75 سے 80 سال بعد بھی سرکاری اسکولوں کی حالت خراب ہے ۔ غریب خاندانوں کے بچے ان اسکولوں میں پڑھتے ہیں، لیکن کئی اسکولوں کی عمارتیں خستہ حال ہیں، چھتوں سے پانی ٹپکتا ہے ، بیت الخلا اور پینے کے پانی کی سہولت نہیں اور اساتذہ کی بھی کمی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر لوگ اپنے حقوق کیلئے آواز نہیں اٹھائیں گے تو حالات کیسے بدلیں گے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ دہلی میں عآپ حکومت میںسرکاری اسکولوں کی حالت بہتر کی گئی اور پنجاب میں بھی یہی کام کیا گیا ہے ۔