کجریوال کی ٹیم میں کوئی دلت، آدیواسی یا اقلیت کا نمائندہ نہیں

   

راہول گاندھی کا دہلی میں ریالی سے خطاب‘ انتخابی مہم میں تیزی

نئی دہلی :دہلی اسمبلی انتخابات 2025 کے پیش نظر، کانگریس نے جمعہ کو مادی پور میں ایک ریالی سے خطاب کیا۔ جلسہ عام میں راہول گاندھی نے دہلی کی حکمراں عام آدمی پارٹی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عام آدمی پارٹی میں کوئی دلت، قبائلی اور اقلیت نہیں ملے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ دہلی حکومت میں ٹیم کجریوال ہے اور اس میں عام آدمی پارٹی کے نو رتن بھی ہیں۔دہلی حکومت پر نشانہ لگاتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ یہاں ایک ٹیم کجریوال ہے۔ اس کے پاس 9 رتن یعنی نوجواہرات بھی ہیں۔ اس میں اروند کجریوال، منیش سسودیا، آتشی سنگھ، سنجے سنگھ، ستیندر جین ، سندیپ پاٹھک، اودھ اوجھا، راگھو چڈھا شامل ہیں۔ مجھے ان میں سے کسی ایک دلت، قبائلی یا اقلیت کا نام دکھائیں۔اے اے پی پر حملہ کرتے ہوئے راہول گاندھی نے کہا کہ اروند کجریوال نے کہا تھا کہ وہ جمنا کو صاف کریں لیکن انہوں نے نہیں کیا۔ پورا ملک جانتا ہے کہ کجریوال اور سسودیا نے شراب میں بدعنوانی کی ہے۔ اروند کجریوال، جمنا کے پانی کو ایک طرف چھوڑ دیں، مجھے عام بستی کا پانی پی کر دکھائیں۔ جب فساد ہوا جب تشدد ہوا، کون آپ کے ساتھ کھڑا تھا کانگریس پارٹی آپ کے ساتھ کھڑی تھی۔ ہم امبیڈکر کے آئین کو بچانے کے لیے کام کر رہے ہیں۔راہول گاندھی نے کہا کہ میں جھوٹے وعدے نہیں کروں گا۔ میں نے کہیں نہیں کہا کہ ہم جمنا کو صاف کریں گے۔ ہماری لڑائی موقع پرستی کی نہیں ہے۔ یہ خیالات کی لڑائی ہے، یہ آئین کو بچانے کی لڑائی ہے۔ جب کجریوال پہنچے تو وہ ایک ویگن آر میں گئے اور بعد میں وہ سیدھے شیش محل چلے گئے۔ وہ صرف جھوٹے وعدے کرتے ہیں۔ مودی اور کجریوال کی تقریریں یکساں جھوٹی ہیں۔ میں نے کبھی کوئی جھوٹا وعدہ نہیں کیا۔ میرے خاندان کا آپ سے رشتہ محبت کا رشتہ ہے۔ میں تم سے جھوٹ نہیں بول سکتا۔جلسہ عام میں راہول گاندھی نے بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ٹی وی پر صرف مودی اور اڈانی ہی دکھائے جاتے ہیں۔ کانگریس کی لڑائی ان لوگوں کے خلاف ہے جو آئین کو تباہ کرنا چاہتے ہیں اور نفرت پھیلانا چاہتے ہیں۔ یہی نہیں دہلی میں پچھلے دس سالوں سے بی جے پی نے بھائی کو بھائی سے لڑایا ہے۔ ایک زبان کو دوسری زبان کے خلاف اور ذاتوں اور مذاہب کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کیا گیا۔ ہم نے محبت بڑھانے اور نفرتوں کو دور کرنے کے لیے چار ہزار کلومیٹر کا سفر کیا۔