کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نیٹ ورک سسٹم میں تلنگانہ کی بہترین کارکردگی

   

حیدرآباد ۔ 15 جنوری (سیاست نیوز) ٹکنالوجی کے استعمال اور جامہ پالیسی پر عمل آوری میں ریاستی پولیس نے قومی سطح پر دوسرا مقام حاصل کرلیا ہے۔ سی سی ٹی این ایس (کرائم اینڈ کریمنل ٹریکنگ نٹ ورک سسٹم) کی عمل آوری میں پولیس نے بہترین کارکردگی کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ اس دوڑ میں گجرات کی پولیس سرفہرست مقام رکھتی ہے۔ ریاست کے تمام پولیس اسٹیشن کو اس ٹکنالوجی سے مربوط کرتے ہوئے مقدمات کے اندراج میں تلنگانہ پولیس کی نمایاں کارکردگی کی نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو نے توثیق کی ہے۔ اس ٹیکنالوجی کی مدد سے مرکزی تحقیقاتی ایجنسیوں کے ساتھ ساتھ ریاست کے کسی بھی حصہ سے اعلیٰ عہدیداران لائن کیس کی تفصیلات کو بہ آسانی معلوم کرسکتے ہیں اور اس کا مشاہدہ بھی کرسکتے ہیں۔ سی سی ٹی این ایس سے متعلق بنیادی سہولیات کی فراہمی، عملہ کا تقرر اور ڈاش بورڈ کی عمل آوری و دیگر امور کے تحت تلنگانہ پولیس نے 97.9 نشانات حاصل کئے ہیں جبکہ اس زمرے میں گجرات کی پولیس 99.9 نشانات کے ذریعہ سرفہرست مقام رکھتی ہے۔ سی سی ٹی این اس کی عمل آوری میں 96.7 نشانات کے ساتھ کرناٹک ریاست تیسرے اور 94.8 نشانات کے ساتھ ریاست آندھراپردیش چوتھے مقام پر پائی جاتی ہے۔ نیشنل کرائم ریکارڈ بیورو کی تازہ رپورٹ میں یہ بات بتائی گئی۔ع