کراچی سے اسلام آباد جانے والے طیارہ کی ایمرجنسی لینڈنگ

   

کراچی: اسلام آباد جانے والی خانگی ایئرلائن کے طیارہ میں دوران پرواز فنی خرابی پیدا ہوگئی جس پر طیارہ کو ہنگامی طورپر واپس جناح ٹرمینل اتار لیا گیا۔ذرائع کے مطابق خانگی ائرلائن کی کراچی سے اسلام آباد جانے والی پرواز 504 میں دوران پرواز اچانک فنی خرابی پیدا ہوگئی، جس کی وجہ سے ائربس 330 طیارے کے ایک انجن نے کام کرنا بند کردیا ، فنی خرابی کے شکار طیارہ کو آدھے گھنٹے کی پرواز کے بعد سکھر کے قریب سے واپس کراچی بلوایا گیا اور بعدازاں جہاز کے کپتان نے لینڈنگ کی جس کے دوران تمام مسافر محفوظ رہے۔ذرائع کے مطابق طیارے میں 239 مسافر سوارتھے، مسافروں کو طیارہ سے اتار کر لاونج میں منتقل کیا گیا، اس دوران ایئر لائن انتظامیہ کی جانب سے متاثرہ پرواز کے مسافروں کو پیش کش کی گئی کہ جو مسافر سفر جاری نہیں رکھنا چاہتے وہ ٹکٹ کی رقم واپس لے لیں۔