کرایہ کا مکان دیکھنے کے بہانے خاتون سے زیورات لوٹ لینے کا واقعہ

   

حیدرآباد ۔ 4 اگست ( سیاست نیوز) کرایہ کا مکان دیکھنے کے بہانے خاتون سے طلائی زیورات لوٹ لئے گئے ۔ حیات نگر پولیس حدود میں یہ سنگین واردات آج صبح 11بجے پیش آئی جہاں خاتون کے آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈال کر چاقو کی نوٹ پر زیورات لوٹ لئے گئے ۔ حیات نگر پولیس میں دی گئی شکایت میں 26سالہ خاتون سندرا سریش نے بتایا کہ آج صبح دو افراد نے اس کے مکان پر دستک دی ‘ اس مکان میں خاتون افراد خاندان کے ساتھ ایک ماہ قبل منتقل ہوئی تھی ۔ دستک دینے کے بعد نامعلوم افراد نے خاتون سے مکان دکھانے کی خواہش کی ۔ اس مکان کے ایک حصہ کو کرایہ پر دینے کیلئے مکان مالک نے ٹولٹ کا بورڈ لگایا تھا ۔ خاتون نے ان نامعلوم افراد سے کہا کہ مکان مالک نہیں ہے ۔ لہذا اس نے دوسری چابیوں سے مکان دیکھا ‘ اس دوران نامعلوم افراد خاتون کی آنکھوں میں مرچ پاؤڈر ڈالنے کے بعد اس کے گلے پر چاقو رکھ دیا اور تقریباً 28 گرام طلائی زیورات لوٹ کر فرار ہوگئے ۔ نامعلوم افراد ایک موٹر سیکل پر سوار تھے ۔ حیات نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیاہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔ع