برلن : ماگڈے برگ کی ایک عدالت نے کرسمس مارکیٹ پر حملہ کے مشتبہ شخص کے لیے مقدمے سے قبل حراستی وارنٹ کی منظوری دے دی ہے۔ 50 سالہ ملزم کو دیگر الزامات کے علاوہ قتل کے پانچ الزامات کا سامنا ہے۔ ماگڈے برگ پولیس نے اتوار 22 دسمبر کی صبح بتایا کہ جمعہ ماگڈے برگ میں کرسمس مارکیٹ کار حملے کے مشتبہ شخص کو مقدمہ سے پہلے حراست میں لینے کے وارنٹ جاری کر دیے گئے ہیں۔ اس سعودی باشندے کی شناخت جرمن رازداری کے قوانین کے تحت مخفی رکھتے ہوئے اسے طالب اے کے نام سے پکارا جا رہا ہے۔ پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ ماگڈے برگ کی ضلعی عدالت نے ہفتہ کی رات دیر گئے ہونے والی سماعت میں شہر کے پبلک پراسیکیوٹرز کی اپیل منظور کر لی۔ پولیس نے کہا کہ جج نے قتل کے پانچ معاملات، قتل کی کوشش کے متعدد معاملات اور خطرناک جسمانی نقصان پہنچانے کی کوشش کے متعدد معاملات کے شبہ میں تفتیشی حراست کا حکم دیا۔ دریں اثناء جرمن صوبے سیکسنی انہالٹ کے شہر ماگڈے برگ میں جمعے کے حملے کے متاثرین کے ساتھ اظہار یکجہتی اور خراج عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔ متعدد کرسمس مارکیٹس اور کرسمس کی تقریبات منسوخ کر دی گئی ہیں۔