پٹیالہ: ہریانہ کے کرشن کمار اورپنجاب کی ہرملن بینس نے اتوارکو یہاں نیتا جی سبھاش نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپورٹس میں 60 ویں قومی انٹر اسٹیٹ ایتھلیٹکس چیمپین شپ میں آسان جیت کے ساتھ مردوخواتین 800 میٹردوڑ ایونٹ میں سونے کا تمغہ اپنے نام کیا۔ اس کے ساتھ کرشن نے اپنے بیڑے میں ایک اورگولڈ جوڑلیا ہے ۔ اس سے قبل انہوں نے مارچ میں فیڈریشن کپ میں گولڈمیڈل جیتا تھا۔مرد 800 میٹرایونٹ میں اتراکھنڈ کے انوکمار نے کرشن کمار کو ٹکر دینے کی پوری کوشش کی، لیکن ہریانہ کے کرشن نے ایک منٹ 50.12 سکینڈ میں دوڑ مکمل کرکے جیت حاصل کی۔ انوکمار نے دوسرے مقام پر رہتے ہوئے چاندی، جبکہ ایشیائی کھیلوں کے گولڈمیڈلسٹ ہریانہ کے منجیت سنگھ نے کانسے کا تمغہ جیتا۔ہرملن بینس کو نیتاجی سبھاش نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف اسپورٹس میں مقامی حمایت ملی۔ اس 22 سالہ ایتھلیٹ نے دو منٹ 2.57 سکینڈ میں دوڑ مکمل کی اورگولڈ جیتا۔ دہلی کی چندا نے چاندی، جبکہ سری لنکا کی نملی لیاناراچّی نے دہلی کی شالو چودھری کو پیچھے چھوڑتے ہوئے کانسے کا تمغہ اپنے نام کیا۔وہیں تٹیہری جمپنگ ایونٹ میں کیرالا کے ایتھلیٹ الدھوس پال، کارتک انّیکرشنن اورعبداللہ ابوبکر نے ایک بارپھر سخت مقابلہ دکھایا، جس میں ایلدھوس پال نے 16.58 میٹر کی کوشش سے پہلا مقام حاصل کیا۔ فیڈریشن کپ کے گولڈ میڈلسٹ انیکرشنن دوسرے اور عبداللہ ابوبکر تیسرے مقام پر رہے ۔ فیڈریشن کپ کی برونز میڈلسٹ سونو کماری خاتون ہیپٹاتھلن دوڑ کی فاتح رہیں۔ وہ 5004 پوائنٹس کے ساتھ پہلے مقام پر رہیں اورگولڈ اپنے نام کیا۔