کرناٹک میں آئندہ چار پانچ دن میں بی جے پی حکومت ہوگی

   

ایڈورپا کا دعوی ۔ دو باغی ارکان اسپیکر کے سامنے حاضر نہ ہوسکے ۔ سپریم کورٹ میں سماعت سے اتفاق

بنگلورو 15 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام )ریاست میں کانگریس ۔ جے ڈی ایس حکومت کو عددی طاقت کے مسئلہ پر درپیش غیر یقینی صورتحال کے پیش نظر بی جے پی کرناٹک کے صدر بی ایس ایڈورپا نے آج کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آئندہ چار تا پانچ دن میں ریاست میں بی جے پی حکومت بنائیگی ۔ ایڈورپا نے یہ دعوی ایسے وقت میں کیا ہے جب اسپیکر اسمبلی کے آر رمیش کمار نے کمارا سوامی حکومت کی جانب سے ایوان میں اکثریت ثابت کرنے کیلئے 18 جولائی کی تاریخ مقرر کی ہے ۔ کمارا سوامی حکومت زوال کے قریب ہے کیونکہ اس کے 16 ارکان اسمبلی نے ایوان کی رکنیت سے استعفی پیش کردیا ہے ۔ ایڈورپا نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ آئندہ چار تا پانچ دن میں ریاست میں بی جے پی حکومت قائم ہوجائیگی ۔ بی جے پی ریاست میں بہترین انتظامیہ فراہم کریگی ۔ اس دوران دو باغی ارکان اسمبلی آج اسپیکر رمیش کمار کے روبرو پیش نہیں ہوسکے تاکہ ان کے استعفوں پر شخصی سماعت ہوسکے ۔ ایک رکن کانگریس کے اور ایک جے ڈی ایس کے ہیں۔ اسپیکر نے گذشتہ ہفتے کانگریس کے راما لنگا ریڈی اور جے ڈی ایس کے گوپالیا سے کہا تھا کہ وہ ان سے شخصی طو رپر دفتر میں ملاقات کریں۔ ان دونوں نے اسمبلی سیکریٹریٹ سے رجوع ہوتے ہوئے کہا تھا کہ وہ پیر کو پیش نہیں ہوسکیں گے اس لئے آئندہ تاریخ مقرر کی جائے ۔ اسپیکر نے ابھی تک ان کی آئندہ تاریخ کا تعین نہیں یا ہے ۔ گوپالیا ممبئی میں دیگر ارکان کے ساتھ مقیم ہیں جبکہ راما لنگا ریڈی نے شخصی وجوہات کا اظہار کیا تھا ۔ اس دوران سپریم کورٹ نے کرناٹک کے مزید پانچ باغی ارکان اسمبلی کی درخواستوں کی سماعت زیر التوا دس ارکان اسمبلی کی درخواستوں کے ساتھ کرنے سے اتفاق کرلیا ۔10 ارکان نے اسپیکر کو ہدایت دینے کی درخواست کی ہے کہ اُن کے استعفیٰ منظور کرلئے جائیں ۔ چیف جسٹس رنجن گوگوئی کی زیرقیادت بنچ نے نوٹ کیا کہ سینئر ایڈوکیٹ مکل روہتگی نے باغی ارکان کی پیروی کرتے ہوئے درخواست کی کہ زیرالتوا درخواست گذاروں کے مدعیان کی فہرست میں شامل کرلیا جائے ۔ مزید پانچ باغی کانگریس ارکان اسمبلی نے سپریم کورٹ سے 13 جولائی کو اسپیکر کے خلاف رجوع کیا تھا کیونکہ اسپیکر نے اُن کے استعفیٰ قبول نہیں کئے تھے ۔ ان ارکان اسمبلی میں آنند سنگھ ، کے سدھاکر ، این ناگراج ، منی رتنا اور روشن بیگ شامل ہیں۔