کرناٹک میں بی جے پی کا آپریشن ’لوٹس‘ ناکام

   

بنگلورو ، 17 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) کرناٹک میں جے ڈی (ایس)۔ کانگریس مخلوط حکومت کو زوال سے دوچار کرنے کیلئے بی جے پی کی مبینہ مہم ’آپریشن لوٹس‘ آخرکار ناکام ہوگئی، جس کی بڑی وجہ باغی ایم ایل ایز کا اپنی باغیانہ روش سے دستبردار ہوجانا ہے۔ ایک آزاد اور ایک چھوٹی پارٹی کے رکن اسمبلی یعنی دو ارکان کی ایچ
ڈی کمارا سوامی حکومت کی تائید سے حالیہ دستبرداری کے بعد بی جے پی کی ساری امیدیں کانگریس کے بعض لیجسلیٹرز کو مبینہ طور پر بغاوت پر اُکسانے سے مربوط تھیں لیکن کانگریس سے وینو گوپال اور سینئر ریاستی لیڈر و سابق چیف منسٹر سدارامیا نیز کمارا سوامی کی کوششوں کے بعد لمحہ آخر میں باغیوں نے اپنی وفاداری تبدیل کرنے سے انکار کردیا۔ یہ سات ماہی مخلوط حکومت میں بی جے پی کی دوسری ناکام کوشش ہوئی۔ بی جے پی نے ویسے 12-15 کانگریس ایم ایل ایز کو استعفے کی ترغیب دیتے ہوئے خود اپنی حکومت تشکیل دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔