کرناٹک میں سینئر کانگریس قائد شیوکمار کی گرفتاری کیخلاف بند

   

بنگلورو۔5 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) پڑوسی ریاست کرناٹک کے علاقہ رمناگارا میں آج معمولات زندگی متاثر ہوئے جبکہ سینئر کانگریس قائد ڈی کے شیوکمار کی ای ڈی کی جانب سے رقومات کی غیر قانونی منتقلی مقدمہ کے سلسلہ میں گرفتاری کے خلاف بند منایا گیا۔ مختلف مقامات سے احتجاجی مظاہروں کی منتشر اطلاعات ملی ہیں۔ چناپٹنا اور رمن نگر میں آج صبح سے ہی بند منایا گیا۔ ضلع کے تعلیمی ادارے بند رہے۔ شیوکمار کنکاپورا اسمبلی حلقے کے نمائندے تھے اور رمن نگر اسی کا ایک حصہ ہے۔ دکانیں اور تجارتی ادارے کثیر تعداد میں بند کی اپیل پر بند کردیئے گئے۔ مقامی کانگریس نے اپنی حلیف کی سابق مخلوط حکومت کی تائید کرتے ہوئے بند منایا تھا۔ احتجاجی مظاہرے گزشتہ تین دن سے مسلسل جاری ہیں۔ کنکا پورا میں آج بسیں چل رہی تھیں۔ دفتر جانے والے جو دیگر اضلاع میں کاروں کی نقل و حرکت بند کردیئے جانے کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔ الصبح کام کے لیے روانہ ہوتے ہوئے دیکھے گئے۔ پولیس کے بموجب وسیع تر صیانتی انتظامات پورے ضلع میں کیے گئے تھے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہ آسکے۔ دہلی ایک عدالت نے چہارشنبہ کی شام سابق ریاستی وزیر کو ای ڈی کی تحویل میں دے دیا تھا جنہیں منگل کے دن دہلی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ تحویل کی مدت 13 ستمبر تک ہے۔ کانگریس نے ای ڈی کی کارروائی کو سیاسی انتقام قرار دیا اور ریاست کرناٹک کے مختلف علاقوں میں اتوار کی رات اور منگل کے دن گرفتاری کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے۔ شیوکمار پارٹی کے مسائل حل کرنے کے لیے شہرت رکھتے ہیں۔ کئی اعلی سطحی ریاستی قائدین بشمول سابق چیف منسٹرس سدارامیا اور کمارا سوامی (جے ڈی ایس) نے گرفتاری کی مذمت کی ہے۔