کرناٹک:16باغی ارکان بی جے پی میں شامل

,

   

5ڈسمبر کو ضمنی انتخابات ،روشن بیگ کی شمولیت پر آئی ایم اے اسکینڈل کا سایہ
بنگلور۔14 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) سپریم کورٹ کی جانب سے 17 باغی ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دیئے جانے کے فیصلہ کو مسترد کرنے اور باغی ارکان کو ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دیئے جانے کے بعد آج 17 میں سے 16باغی ارکان نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ہے ۔ توقع ہے کہ اُن تمام باغی ارکان کو بی جے پی کی جانب سے ضمنی انتخابات میں امیدوار بنایا جائے گا ۔ واضح رہے کہ فی الحال سابق وزیر روشن بیگ کو بیجے پی میں شامل کرنے یا نہ کرنے کے بارے میں کوئی واضح فیصلہ نہیں لیا گیا ہے ۔ ایک اطلاع کے مطابق کرناٹک بی جے پی نے اپنے 13امیدواروں کی فہرست بھی جاری کردی ہے ۔ یہ تمام باغی امیدوار کانگریس ، جے ڈی ایس کے ارکان تھے جنہیں آج بی جے پی میں شامل کرلیا گیا ۔ ریاست میں 5 ڈسمبر کو ضمنی انتخابات مقرر ہے ۔ روشن بیگ کے بارے میں ذرائع نے بتایا کہ اُن کے خلاف آئی ایم اے اسکام میں ان کے نام کی شمولیت کی وجہ سے بی جے پی قیادت انہیں پارٹی میں شامل کرنے سے گریز کررہی ہے ۔دلچسپ بات یہ ہے کہ 7مرتبہ رکن اسمبلی رہ چکے روشن بیگ نے چہارشنبہ کو دعویٰ کیا تھا کہ وہ دوسرے باغی ارکان کے ساتھ وہ بھی بی جے پی میں شامل ہوجائیں گے ۔ گذشتہ روز سپریم کورٹ نے 17ارکان کی نااہلی کو درست قرار دیتے ہوئے انہیں ضمنی انتخابات میں مقابلہ کرنے کی اجازت دے دی تھی ۔ قبل ازیں مذکورہ باغی ارکان نے عدالت میں عرضی داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریاست میں 5 ڈسمبر کو ہونے والے ضمنی انتخابات اُس وقت تک موقوف رکھا جائے جب تک کہ ان کی جانب سے داخل کئے گئے عرضیوں پرسماعت مکمل نہ کی جاسکے ۔