کرکٹر جڈیجہ کی اہلیہ بی جے پی امیدوار ، والد کانگریس کے حامی

   

احمد آباد : گجرات اسمبلی انتخابات میں پہلے مرحلہ کی ووٹنگ کیلئے آج تشہیری مہم کا دور ختم ہوگیا۔ پہلے مرحلہ میں کئی ہائی پروفائل امیدوار انتخابی میدان میں ہیں، جن میں ایک نام کرکٹر رویندر جڈیجہ کی اہلیہ ریوابا کا بھی ہے۔ ریوابا ابھی اپنے سسر انیرودھ سنگھ جڈیجہ کی وجہ سے سرخیوں میں ہیں۔ دراصل رویندر جڈیجہ کے والد کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے۔ وائرل ویڈیو میں انیرودھ سنگھ جڈیجہ عوام سے اپنی بہو ریوابا کو ووٹ نہیں دینے کی اپیل کررہے ہیں۔ ساتھ ہی کانگریس امیدوار کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے نظر آرہے ہیں۔وہیں رویندر جڈیجہ کی بہن نینابا نے بھی اپنی بھابھی ریوابا کے خلاف مورچہ کھول رکھا ہے۔ نینابا جام نگر سیٹ پر کانگریس کیلئے ووٹ کی اپیل کررہی ہیں۔ بتادیں کہ نینابا کانگریس کی اسٹار پرچارکوں کی فہرست میں ہیں۔ جام نگر شمالی اسمبلی سیٹ پر بی جے پی نے اپنے سینئر ممبر اسمبلی دھرمیندر سنگھ جڈیجہ کا ٹکٹ کاٹ کر رویندر جڈیجہ کی بیوی کو ٹکٹ دیا ہے وائرل ویڈیو کی تصدیق نہیں ہوپائی ہے۔جنوبی گجرات کے 19 اضلاع اور کچھ۔ سوراشٹر کی 89 سیٹ کیلئے 788 امیدوار میدان میں ہیں، جہاں جمعرات کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔ گجرات میں برسراقتدار بی جے پی اور کانگریس کے درمیان مقابلہ ہوتا رہا ہے، لیکن اس مرتبہ اروند کجریوال کی عام آدمی پارٹی کے طور پر ایک تیسری پارٹی بھی میدان میں ہے، جس نے اسمبلی کی کل 182 سیٹوں میں سے 181 پر اپنے امیدوار کھڑے کئے ہیں۔پہلے مرحلہ میں بی جے پی اور کانگریس کے 89۔ 89 اور عام آدمی پارٹی کے 88 امیدوار میدان میں ہیں۔ سورت (مشرقی) سیٹ سے اے اے پی امیدوار نے آخری دن اپنا پرچہ نامزدگی واپس لے لیا۔ پہلی مرتبہ میں بی جے پی نے نو ، کانگریس نے چھ اور اے اے پی نے پانچ خاتون امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ پہلے مرحلہ کے کل 788 امیدواروں میں سے 718 مرد اور صرف 70 خاتون امیدوار ہیں۔