کرکٹ پر سٹہ بازی کا ریاکٹ بے نقاب، چار افراد گرفتار

   

حیدرآباد۔ اسپیشل آپریشن ٹیم نے کرکٹ سٹہ بازی کے ایک ریاکٹ کو بے نقاب کرتے ہوئے 4 افراد کو گرفتار کرلیا جو انڈین پریمیر لیگ کرکٹ میاچس پر سٹہ چلارہے تھے۔ ایس او ٹی نے بھونگیر علاقہ سے 25 سالہ شیوا کمار، 20 سالہ اے نریش ، 26 سالہ ونئے اور 25 سالہ کوٹاجانی کو گرفتارکرلیا۔ ایس او ٹی نے ان کے قبضہ سے ایک سائیکل، 65 ہزار روپئے نقد رقم اور 4 موبائیل فون ضبط کرلئے۔ کرکٹ میاچ کے آغاز کے ساتھ ہی گراہکوں سے رابطہ کرتے ہوئے معاون سٹہ بازوں کو سرگرم کرتے اور 5ہزار روپئے سے سٹہ کاآغاز ہوتا ہے۔ پسندیدہ ٹیم کی کامیابی پر دوگنی رقم اور شکست پر رقم غائب ہوجاتی ہے۔ کمشنر پولیس نے کرکٹ سٹہ بازوں کو اپنی حرکتوں سے باز آنے کا مشورہ دیا بصورت دیگر سخت گیر نتائج کا انتباہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی غیر سماجی سرگرمیوں کے خلاف پولیس سخت چوکس ہے اور کسی بھی کوشش کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔