کریم نگر میں آج کانگریس کا جلسہ عام، چیف منسٹر چھتیس گڑھ کی خصوصی شرکت

   

جئے رام رمیش اور مانک راؤ ٹھاکرے کے خطاب ہوں گے، ریونت ریڈی کی پدیاترا 24 ویںدن میں داخل

حیدرآباد۔/8 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو پدیاترا کے تحت کل 9 مارچ کو کریم نگر میں جلسہ عام کی بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں۔ سونیا گاندھی نے کریم نگر میں علیحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کا اعلان کیا تھا جس کے پس منظر میں کریم نگر میں جلسہ عام منعقد کیا جارہا ہے۔ چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھاگیل اور جنرل سکریٹری کل ہند کانگریس کمیٹی (اے آئی سی سی ) جئے رام رمیش کے علاوہ تلنگانہ کے انچارج مانک راؤ ٹھاکرے مہمانان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے۔ پولیس نے ابتداء میں جلسہ عام کی اجازت سے انکار کیا تھا تاہم بعد میں شرائط کے ساتھ جلسہ کے انعقاد کی اجازت دی گئی۔ طئے شدہ پروگرام کے مطابق شام 4 بجے پدما نگر بائی پاس روڈ سے ریونت ریڈی کی پدیاترا شروع ہوگی جو شام 7 بجے تروملا نگر میں واقع امبیڈکر اسٹیڈیم پہنچے گی۔ جلسہ عام میں چیف منسٹر چھتیس گڑھ اپنی ریاست میں رعایتی شرح پر پکوان گیاس کی سربراہی اور دیگر فلاحی اسکیمات پر عمل آوری کا تذکرہ کریں گے۔ کانگریس نے تلنگانہ میں پکوان گیاس سلینڈر 500 روپئے میں سربراہ کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اس کے علاوہ آروگیہ شری کے تحت 5 لاکھ روپئے تک مفت علاج، مکانات کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ کی امداد اور کسانوں کو 2 لاکھ روپئے تک قرض کی معافی جیسے وعدے کئے گئے ہیں۔ ریونت ریڈی کی پدیاترا 24 ویں دن میں داخل ہوچکی ہے اور وہ کریم نگر کے بعد عادل آباد ضلع کا احاطہ کریں گے۔پارٹی ذرائع کے مطابق چیف منسٹر چھتیس گڑھ خصوصی ہیلی کاپٹر سے دنتے واڑہ سے راست کریم نگر پہنچیں گے ۔ جلسہ عام سے خطاب کے بعد وہ سڑک کے راستے راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ شمس آباد آئیں گے اور رات میں نئی دہلی خصوصی فلائیٹ سے واپس ہوں گے۔ جلسہ کی کامیابی کیلئے پارٹی قائدین سرگرم ہوچکے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ ریونت ریڈی اس جلسہ عام میں مسلمانوں کی اہم مذہبی شخصیتوں کو شامل کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ ر