حیران کن واقعہ پر عوام میں تشویش، سکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان
کریم نگر۔ 8ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کریم نگر ضلع میں چوروں کے حوصلے دن بہ دن بڑھتے نظر آ رہے ہیں۔ ایک حیران کن واقعے میں نامعلوم شخص نے کریم نگر رورل پولیس اسٹیشن سے پولیس کی گشت کرنے والی انووا گاڑی مبینہ طور پر چوری کرلی، جس سے عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔اطلاعات کے مطابق کریم نگر رورل پولیس اسٹیشن کی گشت کرنے والی انووا گاڑی کو نصف شب کے دوران مبینہ طور پر چوری کرلیا گیا۔ گاڑی چوری کرنے کے بعد ملزم نے مبینہ طور پر رات بھر شہر کے مختلف علاقوں میں گاڑی گھمائی۔بتایا جاتا ہے کہ علی الصبح ورنگل کی جانب جاتے ہوئے گاڑی ورنگل ضلع کے ایلکاتھورتی کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی۔ حادثے کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس نے چوکس ہوکر موقع پر پہنچتے ہوئے گاڑی کو اپنی تحویل میں لے لیا۔بعد ازاں چوری شدہ انووا کو سٹی پولیس ٹریننگ سینٹر منتقل کیے جانے کی اطلاع ہے۔ تاہم، پولیس کی گاڑی چوری کرنے والے شخص کو گرفتار کیا گیا ہے یا نہیں، اس بارے میں فی الحال کوئی واضح اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔اس واقعے پر مختلف حلقوں کی جانب سے تنقید کی جارہی ہے، کیونکہ عوام کی حفاظت کو یقینی بنانے کیلئے استعمال ہونے والی پولیس کی گاڑی کا خود پولیس اسٹیشن سے ہی چوری ہوجانا سکیورٹی انتظامات پر سوالیہ نشان کھڑا کرتا ہے۔