کسانوں کیلئے پانی کے مطالبہ پر خون بہانے کی بات افسوسناک: ہریش راؤ

   

ریونت ریڈی کا ہٹلر کی طرح حشر ہوگا، 31 ماہ کے دوران جھوٹ اور گمراہ کن بیانات

حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) بی آر ایس کے سینئر لیڈر اور سابق وزیر ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کسانوں کے لئے پانی کی سربراہی کے بارے میں سوال کریں تو چیف منسٹر بی آر ایس قائدین کے خون کی بات کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شاہ آباد علاقہ میں 6 افراد کے قاتل اور ریونت ریڈی میں کوئی فرق نہیں ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے کل اپنے پریس کانفرنس میں چیف منسٹر کے طور پر نہیں بلکہ ایک ذہنی مریض کی طرح بات چیت کی ہے۔ کالیشورم اور دیگر پراجکٹس کے بارے میں چیف منسٹر نے گمراہ کن دعوے کئے ہیں بی آر ایس قائدین کے خلاف غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کے لئے پانی کی سربراہی کا مطالبہ کرنے پر چیف منسٹر نے بی آر ایس قائدین کا خون بہانے کی بات کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کے بارے میں چیف منسٹر گمراہ کن پروپگنڈہ کررہے ہیں۔ بی آر ایس کے ڈپٹی لیڈر نے کہا کہ جھوٹ کے بارے میں ریونت ریڈی سے مقابلہ نہیں کیا جاسکتا۔ چیف منسٹر کے بیانات ذہنی طور پر متاثرہ شخص کی طرح دکھائی دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر جس زبان کا استعمال کررہے ہیں وہ مہذب سماج کے لئے ہرگز قابل قبول نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 31 ماہ کے دوران ریونت ریڈی نے جھوٹ اور غلط بیانی کے ذریعہ ہی عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو اقتدار سے محرومی کا خوف لاحق ہوچکا ہے اور بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر تشدد کی حوصلہ افزائی پر مبنی بیانات دے رہے ہیں۔ کالیشورم کے تحت کنے پلی ذخیرہ آب سے کسانوں کو پانی کی سربراہی کے لئے ریٹائرڈ انجینئرس نے حکومت سے سفارش کی لیکن چیف منسٹر ریٹائرڈ انجینئرس کو بھی سننے کے لئے تیار نہیں ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کالیشورم کے کسی بھی بیاریج کو کوئی خطرہ نہیں ہے لیکن ریونت ریڈی پراجکٹ کے خلاف مسلسل بیان بازی کررہے ہیں۔ چیف منسٹر کے بیانات کو تشدد کی حوصلہ افزائی سے تعبیر کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ چیف منسٹر نے خود دعویٰ کیا تھا کہ ہٹلر ان کا آئیڈیل ہیں اور ان کی حکمرانی ہٹلر کی طرح جاری ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ جس طرح عوام نے ہٹلر کو زوال سے دوچار کیا تھا اسی طرح تلنگانہ کے عوام ریونت ریڈی کو اقتدار سے بے دخل کریں گے۔ کالیشورم کے مسئلہ پر چیف منسٹر اور کانگریس قائدین نے ایک سے زائد مرتبہ کھلے مباحث کا چیالنج کیا لیکن مباحث سے عین وقت پر راہ فرار اختیار کی۔ 1؍F
گولکنڈہ کے اطراف کے علاقوں میں آج برقی سربراہی مسدود رہے گی
حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) سدرن پاور ڈسٹریبیوشن کمپنی تلنگانہ نے گولکنڈہ سب اسٹیشن کے تحت 13 جولائی کو دو علیحدہ اوقات میں برقی سربراہی کی مسدودی کا اعلان کیا ہے۔ اسسٹنٹ ڈیویژنل انجینئر مہدی پٹنم کے مطابق مینٹیننس کے کاموں کے سلسلہ میں صبح 9:30 تا 12:30 بجے اویاسیس اسکول، پالکن ویالی، سنور ویالی، ویٹرنری کالونی اور اطراف کے علاقوں میں سربراہی مسدود رہے گی۔ دوپہر 2 بجے تا شام 5 بجے گلشن کالونی، منی گلشن کالونی، سمتا کالونی، لکشمن نگر، ڈائمنڈ ہلز اور علیجا پور علاقوں میں برقی سربراہی مسدود رہے گی۔ 1؍F