سوراج انڈیا کے رہنما یوگیندر یادو نے متحدہ کسان مورچہ سے معافی مانگتے ہوئے کہا ہے کہ میں ایک کارکن کی حیثیت سے تحریک میں کام کرتا رہوں گا۔ انہوں نے یقین دلایاہے کہ کسانوں کی تحریک میں کوئی دراڑ نہیں ہے۔ یوگیندر یادو کا یہ بیان اس وقت منظر عام پر آیا ہے جب انہیں متحدہ کسان مورچہ نے ایک ماہ کے لیے معطل کردیا ہے۔ متحدہ کسان مورچہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ہم نے بی جے پی کا مکمل بائیکاٹ کیا ہے۔ ایسی صورتحال میں ہم نے بی جے پی لیڈر کے گھر جانے والے لیڈروں کا بھی بائیکاٹ کیا ہے۔ اس لیے یوگیندر یادو اب ایک ماہ کے لیے متحدہ کسان مورچہ سے باہر ہوں گے۔ ایس کے ایم کے رکن منزل سنگھ رائے نے کہاہے کہ ہم نے یوگیندر یادو سے کہا ہے کہ وہ عوامی طور پر تنظیم سے معافی مانگیں۔ لکھیم پور کھیری میں بی جے پی کے لوگوں نے کسانوں کو ان کی گاڑیوں سے کچل دیا اور آپ ان کے گھروں کو چلے گئے؟ یہ قبول نہیں کیا جائے گا۔