حیدرآباد۔ ممبئی انڈینس (ایم آئی) کے بیٹر تلک ورما جنہوں نے سن رائزرس حیدرآباد (ایس آر ایچ) کے خلاف میچ کو بدلنے والا کردار ادا کیا، ٹیم میں کسی بھی کردار کے لیے قدم بڑھانے کے لیے پراعتماد ہے کیونکہ وہ کسی بھی صورت حال اور کسی بھی مقام پر آرام سے بیٹنگ کرسکتے ہیں۔ منگل کے میچ میں، بائیں ہاتھ کے کھلاڑی نے صرف 17 گیندوں پر 37 رنز بنائے، جس سے اننگز میں انتہائی ضروری محرک پیدا ہوا جب حیدرآباد نے آدھے اوورس کے بعد اسکورکو سست کر دیا تھا ۔ انہوں نے کیمرون گرین (40 گیندوں پر64 رنز) کے ساتھ مل کر جوابی حملہ کیا اور چوتھی وکٹ کے لیے صرف 27 گیندوں میں 50 سے زیادہ کا اسکور جوڑا، اس سے پہلے کہ بھونیشورکمار نے ایک اہم موڑ پر تلک ورما کو کیچ کرا کر شراکت کو توڑ دیا۔گرین کے ناقابل شکست رہنے کے ساتھ،ممبئی انڈینز نے بورڈ پر 192/5 کا اسکور درج کیا ۔ اس کے بعد اجتماعی بہتر بولنگ کی کوشش نے ممبئی میچ 14 رنز سے اپنے نام کرنے میں مدد کی ۔کامیابی کے بعد تلک نے کہا کہ میں ہمیشہ کسی بھی صورت حال میں کھیلنے کے لیے آرام دہ ہوں، میں نے تمام ممکنہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے گراؤنڈ پر اپنے کھیل پرکام کیا ہے۔ میں ہمیشہ انتظامیہ کو بتاتا ہوں کہ میں کسی بھی جگہ، کسی بھی صورت حال میں بیٹنگ کرنے کے لیے پراعتماد ہوں۔ اس لیے وہ بھی پراعتماد ہیں۔ مجھے بیٹنگ کے لیے بھیجیں۔ اپنی37 رنز کی اہم اننگز پر بات کرتے ہوئے، ورما نے کہا کہ وہ اسپنرزکا مقابلہ نہیں کرنا چاہتے اور فاسٹ بولروں کی بولنگ کے لیے آنے کا انتظار کر رہے تھے۔ میں نے محسوس کیا کہ وکٹ ہلکی ہے، اسپنرز کے لیے ٹرن دستیاب ہے۔ میں صرف صورتحال کے بارے میں سوچ رہا تھا، ٹیم کوکیا ضرورت ہے۔ میں اسپنرز کا سامنا کرنے سے گریزکرنا چاہتا تھا اور صرف فاسٹ بولروںکو کھیلنے کا انتظار کرنا چاہتا تھا۔ واشی (واشنگٹن سندر) اور میو (میانک مارکنڈے) اچھی بولنگ کر رہے تھے۔ میں نے فاسٹ بولروںکے خلاف حملہ کرنے سے پہلے ان کو کھیلنے کے بارے میں سوچا۔ میں ایک اوور نہیں چھوڑنا چاہتا تھا کیونکہ ہمارے پاس ایک طویل بیٹنگ لائن اپ ہے۔ لہذا میں نے اپنا حملہ شروع کیا اور اس کا فائدہ ہوا ۔